مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو)آزاد جموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی جانب سے عوام کو صحت بخش اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی مہم جاری۔اپر اڈہ میں مختلف ہوٹلز،بیکریز،دودھ کی دکانوں،کباب ہاؤس،باربی کیو سنٹر پر کھانے پینے کی اشیائے خوردونوش کا تفصیلی سے معائنہ کیا گیا۔اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن کی زیر نگرانی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے خوراک کی کوالٹی، صفائی ستھرائی، اشیائے خورونوش کی معیاد، لیبلنگ، اسٹوریج اور فوڈ ہینڈلنگ کے اصولوں کا جائزہ لیا۔ کچن ایریاز کی صفائی، برتنوں کی حالت اور عملے کے حفظان صحت سے متعلق انتظامات کو بھی باریک بینی سے چیک کیا گیا۔ہوٹلز کے کچن ایریاز، برتنوں کی صفائی، کھانے کی تیاری میں استعمال ہونے والے اجزاء، فریزرز اور اسٹوریج ایریاز کا مکمل معائنہ کیا گیا۔ بعض ہوٹلز میں صفائی کے ناقص انتظامات، زائد المعیاد اشیاء اور ملازمین کی ذاتی صفائی سے متعلق بے ضابطگیاں پائی گئیں،ناقص اور گندے برتن ضبط کر کے تلف کر دئیے گئے۔مزید برآں کباب ہاؤسز میں استعمال ہونے والے گوشت، مصالحہ جات، گریلنگ ایریا، اور صفائی کے عمومی معیار کا جائزہ لیا گیا۔جبکہ ملک شیک پوائنٹس پر فروخت ہونے والے شیک میں استعمال ہونے والے دودھ، آئس، پھل اور برتنوں کا معائنہ کیا گیا۔ چند سنٹرز پر ناقص صفائی، غیر معیاری اجزاء اور سٹوریج کے نامناسب انتظامات سامنے آئے۔ فوڈ اتھارٹی نے موقع پر وارننگ جاری کی اور بہتری کے لیے احکامات دییجبکہ باربی کیو سنٹرز میں گوشت کے معیار، مصالحہ جات، باربی کیو گرلز کی صفائی کے نظام اور کچن ایریاز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔دودھ فروشوں سے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری بھیج دیے گئے، تاکہ معیار اور خالص ہونے کی تصدیق کی جا سکے۔فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے فوڈ ڈیلیوری گاڑیوں کا بھی معائنہ کیا اور خوراک کی ترسیل، پیکنگ اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ جہاں نقائص پائے گئے، وہاں متعلقہ افراد کو اصلاحی ہدایات جاری کی گئیں۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرمظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو معیاری، صاف اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل