ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نامہ نگار) — اہلسنت و جماعت سپریم کونسل آزاد کشمیر نے امن، مذہبی ہم آہنگی اور ماہِ ربیع الاول 1447ھ کے پروگراموں کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ مرکزی ایوان صحافت میں سرپرست اعلیٰ علامہ سید محمد اسحق نقوی، امیر مولانا قاری محمد زمان سیفی، سینئر نائب امیر علامہ سید سخاوت رضا گیلانی، نائب امیر علامہ قاسم سلہریا، جنرل سیکرٹری سید اشتیاق حسین بخاری اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
رہنماؤں نے کہا کہ عقیدۂ توحید و رسالت کی ترویج، ناموسِ رسالت اور ختمِ نبوت کا تحفظ، امتِ مسلمہ کی وحدت اور فروغِ امن کونسل کے بنیادی مقاصد ہیں۔ انہوں نے حالیہ مذہبی حساسیت پیدا کرنے والے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف 295-سی کے تحت کارروائی کو خوش آئند قرار دیا اور عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔
سپریم کونسل نے ماہِ ربیع الاول کو ’’ماہِ تحفظِ ناموسِ رسالت، مودتِ اہل بیت اور محبتِ صحابہ کرام‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا، جس کے تحت ریاست بھر میں ہزاروں محافل میلاد، مذہبی و فلاحی پروگرام اور تعلیمی و فکری نشستیں ہوں گی۔ یکم ربیع الاول کو اپر اڈہ تا دربار سخی سہیلی سرکار مرکزی ریلی نکالی جائے گی، جبکہ دارالحکومت میں عظیم الشان محفلِ میلاد و ذکر اہل بیت کانفرنس اور بین الاقوامی مبلغ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا خصوصی خطاب ہو گا۔
کونسل نے حکومت کو تجاویز پیش کیں جن میں ضلعی امن کمیٹیوں کو فعال بنانا، مذہبی منافرت کے خاتمے کے لیے مشترکہ فورمز کا قیام، فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی اور ہر مکتبہ فکر کے مفتیان پر مشتمل شرعی و تحقیقی بورڈ کی تشکیل شامل ہیں۔
آخر میں رہنماؤں نے کہا کہ ناموسِ رسالت ہر مومن کی ’’ریڈ لائن‘‘ ہے اور اس کے تحفظ کے لیے ہر قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ دعا کی گئی کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کو ہر فتنے اور سازش سے محفوظ رکھا جائے۔