مظفرآباد(ڈیلی پرل ویو )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے حالیہ بارشوں اور جگہ جگہ کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والی تباہ کاریوں،جانی نقصانات پر حکومت آزادکشمیر کی جانب سے مناسب فوری ریلیف پر مبنی اقدامات نہ کرنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکومت کے ذمہ داران وزیراعظم سمیت جہازی سائز کابینہ کے وزراء سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آباد چھوڑ کر ان تباہ کاریوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ حلقہ کوٹلہ کی یوسی مچھیارہ،بھیڑی،کنڈل شاہی میں بہت نقصان ہوا ہے،ایک پورا کنبہ سیلاب کی نذر ہوگیا،زرعی،ملکیتی اراضی تباہ ہوگئی،نیلم ویلی،لچھراٹ اور یو سی گوجرہ،پترینڈ میں بھی بہت نقصانات ہوئے ہیں،سڑکوں،پلوں کی مسمارگی تباہی کے علاوہ بعض علاقوں میں اجناس کی قلت پیدا ہوگئی ہے،سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جگہ جگہ بند ہیں۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ اگر کے پی کے کا وزیر اعلیٰ اپنی کابینہ،چیف سیکرٹری،تمام محکمہ جات کے سیکرٹریز سمیت بونیر سوات جاکر ذاتی طورپر نقصانات کا جائزہ لے سکتا ہے تو کیا آزادکشمیر کے وزیراعظم اسلام آباد سے ان تباہ کاریوں کا ملاحظہ کرنے عوام کو فوری ریلیف اور نقصانات کا معاوضہ دینے آزادکشمیر کے ان علاقوں کا دورہ نہیں کرسکتے،انہیں چاہیے کہ اپنے اہم وزراء کو ان متاثرہ علاقوں میں بھیجں محض کشمیر ہاؤس کے ٹھنڈے ائیر کنڈیشن کمروں میں بیٹھ کر بریفنگ نہ لیں۔کے پی کے کے وزیر اعلیٰ کی طرح تباہ شدہ یونین کونسلوں میں کیمپ آفس لگائیں تاکہ ہونے والے جانی نقصانات اور بعض علاقوں میں عوام کا سب کچھ تباہ ہوگیا ہے اس لیے حکومت جسے ایک ماں کی طرح سمجھا جاتا ہے اپنا فرض پورا کرے،اتحادی وزراء کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جا کر ریلیف اور امدادی کارروائیاں شروع کرائیں۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل