0

آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لئے انڈومنٹ فنڈ ٹریننگ پروگرام سنگِ میل ہے، چیئرمین AJKTEVTA

مظفرآباد ، ڈیلی پرل ویو.چیئرمین AJKTEVTA خواجہ محمد نعیم بسمل نے کہا ہے کہ انڈومنٹ فنڈ ٹریننگ پروگرام آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لئے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو وہ ہنر سکھائے جائیں جن کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہے تاکہ وہ خود کفیل ہو سکیں اور کاروبار سے بھی وابستہ ہوں۔

اس وقت AJKTEVTA کے زیر انتظام آزاد جموں و کشمیر اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 1850 ٹرینیز مختلف جدید کورسز سے استفادہ کر رہے ہیں۔ ان کورسز میں جاپانیز، کورین اور جرمن لینگویج کے علاوہ فنانس، ہیوی مشینری آپریٹر، ہاسپیٹیلٹی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید مضامین شامل ہیں۔ آئی ٹی کے شعبے میں SAP آڈٹ مینجمنٹ، SAP فنانشل اکاؤنٹنگ، SAP GRC پراسیسنگ اینڈ ایکسیس کنٹرول، Fullstack Development، موبائل ایپلی کیشن و گیم ڈویلپمنٹ، AWS Cloud، سرٹیفائیڈ ایتھیکل ہیکنگ و فرانزک انویسٹی گیشن، پراجیکٹ مینجمنٹ پروفیشنل، میڈیا گرافکس، ویڈیو ایڈیٹنگ اور 3D اینیمیشن کے کورسز جاری ہیں۔

اسی طرح ہیوی مشینری آپریٹرز کے لئے بلڈوزر، گریڈر، ایکسکاویٹر، وہیل لوڈر، موبائل کرین، JCB اور فورک لفٹر آپریٹنگ کے کورسز شامل ہیں، جبکہ ہاسپیٹیلٹی سیکٹر میں ریسٹورنٹ مینیجر اور ایونٹ مینیجر کے کورسز کرائے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق اس پروگرام میں مؤثر مانیٹرنگ کا نظام قائم ہے جبکہ تربیت کے لئے پاکستان کے بہترین اداروں کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں NUML یونیورسٹی، رفاء انٹرنیشنل یونیورسٹی، Hashoo ہنر ایسوسی ایشن، Red-C ٹریننگ انسٹیٹیوٹ، Al Faisal ٹریننگ سینٹر، سٹار کالج، Lucent Tech اور Fusion Edge شامل ہیں۔

خواجہ محمد نعیم بسمل نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی محنت سے نہ صرف اپنا مستقبل سنواریں بلکہ آزاد کشمیر کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام خطے کی معاشی ترقی اور بیروزگاری کے خاتمے کے لئے سنگِ میل ثابت ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں