ڈیلی پرل ویو،چناری (خصوصی رپورٹر) وزیر تعلیم آزاد جموں و کشمیر دیوان علی خان چغتائی نے کہا ہے کہ وادی لیپہ کے عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ اپنی وفاداری نبھائی ہے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ان کی حب الوطنی اور استقامت تاریخ کا روشن باب ہے جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔
یہ بات انہوں نے وادی لیپہ کے علاقے بنیاں مرصوص میں جشنِ آزادی پاکستان والی بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وادی آمد پر وزیر تعلیم کا والہانہ استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ہار پہنائے گئے۔ اس موقع پر ضلعی و تحصیل انتظامیہ، کھلاڑیوں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کی پہچان ہیں اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ آزاد کشمیر کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ نئی نسل اپنی توانائیاں مثبت سرگرمیوں میں صرف کرے۔
انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر اس نوعیت کے ٹورنامنٹس نہ صرف خوشیوں کو دوبالا کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ بھی اجاگر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی لیپہ کے عوام کی ثابت قدمی اور بہادری پورے کشمیر کے لیے مثال ہے اور حکومت کھیلوں کے ساتھ ساتھ علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے بھی عملی اقدامات کرے گی۔
تقریب کے دوران وزیر تعلیم نے رضوان اعوان، بشیر عالم اعوان اور دیگر شخصیات کو صدارتی ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ اختتامی تقریب میں انہوں نے فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو شاندار کھیل پیش کرنے پر سراہا، انعامات تقسیم کیے اور کھلاڑیوں کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔