ڈیلی پرل ویو،مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) اپوزیشن لیڈر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی و ایم ایل اے حلقہ تین سٹی مظفرآباد، خواجہ فاروق احمد نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقے محلہ منیری امبور کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث زرعی اراضی، مکانات اور قبرستان میں قبروں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر خواجہ فاروق احمد نے متاثرہ عوام کو یقین دلایا کہ ان کے نقصانات کے ازالے کے لیے ایس ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ہلال احمر اور دیگر اداروں سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ متاثرین کو فوری اور عملی ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
اس موقع پر متاثرین کے نمائندہ ادیب خان نے اپوزیشن لیڈر کو ایک کلومیٹر طویل سڑک کے بارے میں آگاہ کیا جو گزشتہ دو سالوں سے محکمہ کی عدم توجہی کے باعث ٹینڈر ہونے کے باوجود زیر التوا ہے اور اس پر تاحال کام شروع نہیں ہوسکا۔ خواجہ فاروق احمد نے اس مسئلے کو متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے اور جلد از جلد کام شروع کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
اپوزیشن لیڈر نے متاثرہ خاندانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بے حسی افسوسناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے متاثرہ وارڈز کا دورہ کریں اور جن افراد کی رہائشی زمینیں یا مکانات تباہ ہوچکے ہیں یا اب رہنے کے قابل نہیں رہے، انہیں متبادل اراضی اور مکانات کی تعمیر کے لیے امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ باعزت طور پر رہائش اختیار کرسکیں۔