باغ (ڈیلی پرل ویو) میونسپل کارپوریشن باغ کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلابی صورتحال، تجاوزات، قبضہ مافیاز، اربوں روپے کی سرکاری اراضی کو لاحق خطرات اور بحالی کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت مئیر میونسپل کارپوریشن باغ میجر عبدالقیوم بیگ نے کی جبکہ وزیر حکومت سردار میر اکبر خان، کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن، ڈی آئی جی پولیس سردار ظہیر، ڈپٹی کمشنر باغ راجہ صداقت، ایس پی چوہدری امین، ایکسین شاہرات ذیشان بٹ، ایکسین برقیات قاضی خالد، ممبران ضلع کونسل و میونسپل کارپوریشن، صدر تاجران حافظ طارق محمود اور صدر سول سوسائٹی راجہ عبدالحفیظ سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔
وزیر حکومت کا خطاب
سردار میر اکبر خان نے کہا کہ سیلاب زدگان کی فوری امداد اور بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ نالہ ماہلوانی کے تحفظ کے لیے حفاظتی دیوار ناگزیر ہے جس کے لیے حکومت فنڈز مختص کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی وقت کی ضرورت ہے۔ ریاست میں افرا تفری یا شہداء کی قربانیوں کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمشنر پونچھ کا موقف
کمشنر پونچھ مسعود الرحمن نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے سبق سیکھ کر آئندہ کے لیے بہتر حکمت عملی بنانی ہوگی۔ متاثرین کو فوری چھت فراہم کرنے اور آبادکاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بلدیاتی نمائندوں کو چاہیے کہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر افواہیں اور انتشار پھیلانے والوں کا مقابلہ کریں۔
ڈی آئی جی پولیس کا بیان
ڈی آئی جی پونچھ سردار ظہیر نے کہا کہ ریاست کے اندر امن قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ دشمن سرحد پار سے ریاست کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جسے ناکام بنانے کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔
مئیر میونسپل کارپوریشن کی بریفنگ
مئیر میجر عبدالقیوم بیگ نے بتایا کہ باغ شہر اور نالہ ماہلوانی کو بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ حالیہ بارشوں سے صرف شاہرات کو 63 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ سرکاری اراضی پر قابضین کی نشاندہی کر دی گئی ہے اور فوری آپریشن ناگزیر ہے۔