0

مظفرآباد یادگارِ وطن تفریحی و ثقافتی میلہ کرولی میں شاندار آغاز

ڈیلی پرل ویو،مظفرآباد (سٹاف رپورٹر) یادگارِ وطن تفریحی و ثقافتی میلہ کرولی میں نہایت شاندار اور پُروقار انداز میں شروع ہوگیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقار تھے۔ اس موقع پر صدر مرکزی ایوانِ صحافت سجاد میر، سابق صدر سنٹرل پریس کلب سید آفاق حسین شاہ سمیت ممتاز صحافیوں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔

مہمانوں کے استقبال پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں سردار ذوالفقار، سجاد میر، سید آفاق حسین شاہ، سرفراز خواجہ اور سہیل مغل نے فیتہ کاٹ کر میلے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یادگارِ وطن میلہ عوام کے لیے خوشیوں، محبت اور یکجہتی کا حسین پیغام ہے۔ اس طرح کے پروگرام نہ صرف تفریحی مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ ثقافتی روایات، قومی اقدار اور باہمی اتحاد کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ پاک فوج کے ساتھ عوام کے عزم و یکجہتی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

میلے کے انعقاد پر زیرِ سرپرستی راجہ زین محمود اور راجہ اسرار احمد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ ناصر محمود اور ان کی فیسٹیول ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔

افتتاحی تقریب میں عوام علاقہ، سیاسی و سماجی رہنما، معززین شہر، نوجوان، خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے میلے کو کامیاب بنایا۔ عوام نے راجہ زین محمود اور اسرار احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ میلہ پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور عوام کے لیے خوشیوں کا پیغام ہے۔

میلے میں جھولے، کشتی رانی، سرکس، کھانے پینے کے اسٹالز اور بچوں کے لیے خصوصی تفریحی سرگرمیاں رکھی گئی ہیں، جنہوں نے ہر عمر کے افراد کو اپنی جانب متوجہ کر لیا۔ اختتام پر ملک کی سلامتی، امن و امان اور پاک فوج کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں