ڈیلی پرل ویو،تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں و سابق چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس سید علی گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر آزادکشمیر کےد ارلحکومت مظفرآباد میں ”جہدِ مسلسل ریلی“کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شریک ہو کر سید علی گیلانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پاسبانِ حریت جموں کشمیر کے زیرِ اہتمام ”جہدِ مسلسل ریلی” میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے سید علی گیلانی کے پوسٹرز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جبکہ شہر کی فضا ”لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ”، ”پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ”، ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے” اور ”گیلانی تیرا قافلہ رکا نہیں جھکا نہیں ” کے نعروں سے گونجتی رہی۔ریلی کی قیادت سپیکرقانون ساز اسمبلی آزادجموں وکشمیرچوہدری لطیف اکبر، چیئرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی،سابق وزیر سید مرتضی گیلانی، شوکت جاوید میر ، حریت راہنماؤں محمد مشتاق بٹ، سید گلشن شاہ، مشتاق السلام، عثمان علی ہاشم، مہاجرین راہنماؤں محمد نور اللہ قریشی ایڈووکیٹ، بلال احمد فاروقی، چوہدری فیروز الدین، اقبال یاسین اعوان، چوہدری محمد مشتاق، منظور اقبال بٹ، محمد اقبال میر، محمد اسلم انقلابی، چوہدری محمد اسماعیل، سر انداز میر، محمد شفیع بھٹی، امتیاز احمد لون ودیگر نے کی۔ریلی سے مقررین نے خطابات کرتے ہوئے کہا کہ بابائے حریت سید علی گیلانی اسلام کے عظیم سپاہی اور کشمیری عوام کے سچے رہنما تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد اور آزادی کے حصول کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ سید علی گیلانی نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، طویل نظر بندیاں کاٹیں، مگر بھارت سے آزادی، حق خودارادیت اور کشمیری عوام کے حقوق کے اپنے بنیادی مؤقف سے کبھی پیچھے نہ ہٹے۔ ان کا نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“ آج بھی کشمیری عوام کے دلوں کی دھڑکن ہے۔مقررین نے کہا کہ حقِ خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حق ہے۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کا انحصار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے۔ مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی کے نعرے ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔” ”کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ سید علی گیلانی کشمیری مزاحمت کاروں کے لیے نشان منزل رہیں گے۔ مقررین نے عالمی برادری، سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم سے روکیں اور کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق دلانے میں کردار ادا کریں۔ریلی کے شرکاء نے پرجوش نعروں کے ذریعے سید علی گیلانی شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، جدوجہد آزادی جاری رہے گی اور جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔مقررین نے کہا کہ انکا مشہور نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” کشمیری عوام کے دلوں کی آواز بن گیا۔ریلی کے شرکاء نے دارالحکومت کی مرکزی شاہراہ پر برہان وانی چوک سے گھڑی پن چوک تک مارچ کیا اور قائد انقلاب سید علی گیلانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل