0

سعودی عرب اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات امت مسلمہ کے اتحاد کی ضمانت ہیں: سردار عتیق احمد خان

مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو)آزاد جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات اخوت، بھائی چارے اور اسلامی رشتوں پر مبنی ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان نے بھی ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو کر امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔مجاہد اوّل ہاؤس غازی آباد میں سعودی عرب کے 95ویں قومی دن کے موقع پرمسلم کانفرنس کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد۔ تقریب میں میجر (ر)نصراللہ خان،عرفان عباسی،اشفاق عباسی،راجہ منیر خان،و دیگر مسلم کانفرنس کے رہنماؤں اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاک سعودی دفاعی معاہدے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو خطے کے امن و سلامتی کے لیے سنگِ میل قرار دیا گیا۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ سعودی عرب نہ صرف عالم اسلام کا مرکز ہے بلکہ پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کے لیے عقیدت و احترام کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے باہمی اعتماد اور تعلقات کی گہرائی کا عکاس ہے، اس معاہدے کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور دفاعی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔تقریب کے دوران صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کارکنان کے ہمراہ سعودی عرب کے قومی دن کی خوشی میں کیک کاٹا اور سعودی عوام و قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سعودی عرب کی قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کی حمایت کی ہے۔تقریب میں مقررین نے بھی پاک سعودی تعلقات کو امت مسلمہ کے اتحاد کی ضمانت قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے عوام اور قیادت کے درمیان یہ برادرانہ تعلقات آئندہ نسلوں کے لیے بھی ایک روشن مثال ثابت ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں