ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نامہ نگار) — انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کے ویژن “جرائم سے پاک ریاست آزاد جموں و کشمیر” کے تناظر میں اور ڈی آئی جی و ایس ایس پی مظفرآباد کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے تھانہ صدر پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سادہ لوح عوام کو لوٹنے والے جعلی پیروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔
ایس ایچ او تھانہ صدر مظفرآباد چوہدری نوید الحسن نے عوامی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی پیر سربلند سکنہ کوہستان اور روبیبار سکنہ کنڈیاں مانسہرہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان تعویذات اور جادو ٹونے کے ذریعے معصوم لوگوں کو لوٹتے تھے۔ مزید سنسنی خیز انکشافات بھی متوقع ہیں۔
اس موقع پر ایس ایچ او نوید الحسن نے کہا کہ:
“ہمارے دروازے عوام کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ جرائم کا قلع قمع کرنا میرا خواب ہے اور تھانہ صدر کی حدود میں کسی بھی مجرمانہ سرگرمی کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ عوام تعاون کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔”
جعلی پیر کی گرفتاری پر عوام الناس نے تھانہ صدر پولیس، خصوصاً ایس ایچ او نوید الحسن اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس کارروائی سے نہ صرف سادہ لوح افراد محفوظ ہوئے ہیں بلکہ کئی خاندانوں کی عصمتیں بھی لٹنے سے بچ گئی ہیں۔
عوام نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا کہ ایسے جرائم پیشہ افراد کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی شہریوں کو اس طرح گمراہ نہ کر سکے۔