ڈیلی پرل ویو،راولاکوٹ(خصوصی رپورٹر) ضلع پونچھ میں انسداد پولیو مہم 13 اکتوبر سے شروع ہو گی، انتظامات مکمل
ضلع پونچھ میں انسداد پولیو مہم 13 اکتوبر سے شروع ہو گی جو 17 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر/چیئرمین ضلعی پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی سردار عمر فاروق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پونچھ ڈاکٹر سیاب کیانی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران و کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر سردار عمر فاروق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے، جس میں انتظامیہ، پولیس اور محکمہ صحت عامہ بھرپور تعاون سے حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ والدین سے اپیل ہے کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ضلع پونچھ سمیت ملک بھر سے پولیو کا وائرس ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ عرصے کے دوران مختلف علاقوں سے حاصل سیمپلمز میں وائرس کی موجودگی سامنے آئی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سیاب کیانی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 13 سے 17 اکتوبر تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر تقریباً 85 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم کے دوران 561 ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گی، 45 ٹیمیں فکسڈ سنٹرز پر خدمات انجام دیں گی جبکہ 25 ٹیمیں داخلی و خارجی راستوں پر تعینات رہیں گی تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔ڈاکٹر سیاب کیانی نے بتایا کہ مہم کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ و محکمہ صحت کی مشترکہ کوششوں سے مہم کو کامیاب بنایا جائے گا۔
0