0

مظفرآباد سیلولر کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو چونا لگانے کی پالیسیوں کا تسلسل برقرار

ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد(نامہ نگار) سیلولر کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو چونا لگانے کی پالیسیوں کا تسلسل برقرار۔ کمزور ترین نیٹ سروس نے تمام مکاتب فکر سمیت بینک کاری کے نظام کو بھی مفلوج کر دیا۔ آئے روز نیٹ سروس بند ہونے کی وجہ سے کروڑوں روپے کے پیکجز ہوا کی نظر ہونے لگے۔ روزانہ، ہفتہ وار اور ماہانہ پیکجز کرانے والے سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔ گھروں میں نصب پی ٹی سی ایل ڈیوائسز سمیت دیگر نیٹ ورکس کی ڈیوائسز میں ماہانہ پیکجز اور ایڈوانس دی جانے والی رقم بھی کھو کھاتے۔ مہینے میں 15 سے 20 دن نیٹ بند جب کہ انتہائی سست سروس نے عام لوگوں کا جینا اور کام ناممکن بنا کر رکھ چھوڑا۔ عوام نہ جائے مانند نہ پائے رفتن کی کیفیت کا شکار ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیلی نار، جاز، زونگ، یو فون، ایس کام سمیت پی ٹی سی ایل کی سروس انتہائی سست ہونے کے علاوہ آئے روز حکومت کی جانب سے نیٹ کی بندش نے لوگوں خاص کر کاروباری طبقہ اور بینک کاروں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ صارفین روزانہ کی بنیاد کے علاوہ ہفتہ وار اور ماہانہ کروڑوں روپے کے پیکجز کرواتے ہیں جو استعمال کیے بغیر ہی ختم ہو جاتے ہیں۔ اس طرح ایک طرف تو یہ نیٹ ورک کمپنیاں راتوں رات کروڑ پتی بن رہی ہیں تو دوسری جانب عوام ذہنی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے گھروں میں نصب پی ٹی سی ایل و دیگر کمپنیوں کی ڈیوائسز کو بند کروانے کے لیے بھی کام شروع کر دیا ہے جبکہ اکثر لوگوں کا کہنا ہے کہ آخر ہم بغیر استعمال کیے نیٹ ورکس کمپنیوں کو کس چیز کے پیسے دے رہے ہیں۔ لوگوں نے ارباب اختیار سمیت پی ٹی اے کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روزانہ ہفتہ وار اور ماہانہ پیکجز کروانے والے صارفین کو معیاری سروس فراہم کرنے اور مدت معیاد کے دوران سروس بند ہونے کی صورت میں مزید منٹس دیں تاکہ لوگ مالی طور پر زیر بار نہ ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں