چناری (ڈیلی پرل ویو)اے پی ایس جہلم ویلی کے پانچویں جماعت کے طالب علم وصی حیدر کو چناری سے ملحقہ گاؤں بانڈی چکاں سے نامعلوم اجرتی اغواء کاروں نے بدوں نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں پر اغواء کر لیا۔ چھ روز گزرنے کے باوجود طالب علم تاحال بازیاب نہ ہو سکا، جس پر ورثاء شدید اضطراب اور عوامی حلقے گہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انچارج بیت المال ضلع جہلم ویلی سید ماجد کاظمی کے گیارہ سالہ بیٹے وصی حیدر کو چار اکتوبر شام پانچ بجے کے قریب بانڈی چکاں سے ایک نیلے رنگ کے کپڑے میں ملبوس موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اغواء کیا۔ چناری پہنچنے پر ملزمان نے بچے کو دوسرے موٹر سائیکل پر منتقل کر کے مظفرآباد کی سمت روانہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پانچ اکتوبر کو بچے کے والد نے تھانہ چناری میں بچے کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کروائی، مگر تاحال نہ تو مقدمہ درج ہوا اور نہ ہی کوئی پیش رفت سامنے آئی۔
اغواء کی واردات کی چار مختلف مقامات سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل ہوئیں — جن میں کھٹائی پل، چناری بازار، ساون پٹرول پمپ، اور ہٹیاں بالا بازار شامل ہیں۔ فوٹیجز میں واضح طور پر نامعلوم اغواء کاروں کو موٹر سائیکل تبدیل کرتے ہوئے بچے کو لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
والدِ مغوی سید ماجد کاظمی نے وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس آزاد کشمیر سے فوری نوٹس لینے، اغواء کاروں کی گرفتاری اور بچے کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔