ڈیلی پرل ویو.فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی بڑی کارروائی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر معروف آئسکریم کمپنی “والز” کا وئیر ہاؤس سیل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف آئسکریم وئیر ہاؤسز کا اچانک معائنہ کیا۔ دورانِ معائنہ، وئیر ہاؤس کی خستہ حالی، صفائی کے ناقص انتظامات اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں کے باعث فوری کارروائی کرتے ہوئے والز آئسکریم وئیر ہاؤس کو سیل کر دیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے میڈیا کو بتایا کہ
“غیر معیاری آئسکریم کے استعمال سے بچوں میں پیٹ کی خرابی، جلدی الرجی، جگر و گردوں کے امراض جبکہ بڑوں میں معدے اور دل کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔”
فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آئسکریم خریدتے وقت برانڈ، ایکسپائری ڈیٹ اور فوڈ لائسنس نمبر ضرور چیک کریں اور غیر رجسٹرڈ یا غیر معیاری مصنوعات سے اجتناب کریں۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ غیر معیاری اور مضرِ صحت مصنوعات تیار یا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی، اور کسی بڑی یا معروف کمپنی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹس، بیکریز، وئیر ہاؤسز اور فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو معیاری اور صحت بخش خوراک فراہم کی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر معیاری یا مشکوک خوراک سے متعلق شکایات فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن نمبر 1280 پر درج کروائیں تاکہ فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔