ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد(نامہ نگار) دکانوں کے باہر دکانیں سجانے کا عمل عروج پر پہنچ گیا، نہ ہی رانگ پارکنگ پر قابو پایا جا سکا۔ شہری اور راہگیر عاجز آگئے۔ شہر اقتدار مظفرآباد کے مصروف ترین کاروباری مراکز چوکوں چوراہوں، شاہرات اور فٹ پاتھوں پر خود ساختہ دکانیں سجانے والوں نے راہگیروں کا چلنا پھرنا دوبھر کر دیا، رہتی کسر سڑکوں کے کناروں پر رانگ پارکنگ کرنے والوں نے پوری کر دی۔ بینک روڈ، اولڈ سیکرٹریٹ سمیت سی ایم ایچ روڈ، اپر اڈا، مدینہ مارکیٹ، نیلم روڈ، شوکت لائن، بیلا نور شاہ تا بالا پیر، علامہ اقبال برج تا بیلا نور شاہ اور بینک سکوائر چھتر کی سڑکیں فٹ پاتھ اور کاروباری مراکز قانون شکنی میں سب پر بازی لے گئے۔ حکومت اور ادارے عملاً مفلوج دکھائی دینے لگے۔ حالیہ دنوں پر امن لاک ڈاؤن کے تناظر میں مظاہرین کی جانب سے انٹری پوائنٹس سمیت شہر کے مخصوص چوکوں چوراہوں میں گھیراؤ جلاؤ پتھراؤ اور پولیس چوکیاں جلا دی گئی تھیں جس کے بعد ابھی تک نہ تو ٹریفک پولیس نہ ہی دیگر ادارے دکھائی دے رہے ہیں۔ بلدیہ عظمی دوہرے عذاب کا شکار ہو کر رہ چکا ہے۔ صفائی ستھرائی کا کام پورا کرتے ہیں تو ناجائز تجاوزات کرنے والوں سے نپٹنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سمیت اعلی عدلیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں حکومتی و قانونی رٹ کو بحال کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل