govt ajk 0

منگلا انٹری پوائنٹ پر فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی

میرپور (ڈیلی پرل ویو) ضلع میرپور میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے عدالت عظمیٰ آزاد کشمیر کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر میرپور سید عدنان علی نقوی کی نگرانی میں ایک بڑی کارروائی عمل میں لائی۔

اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر شہریار خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منگلا انٹری پوائنٹ پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 200 لیٹر غیر معیاری، ناقص اور مضر صحت کھلا دودھ اور 25 کلو گرام کھویا ضبط کر کے برموقع تلف کر دیا۔ ضبط شدہ دودھ اور کھویا کی تخمینہ قیمت 70 ہزار روپے بتائی گئی۔ کارروائی کے دوران ملوث ملزمان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ دودھ غیر قانونی طور پر، باوجود پابندی کے، پاکستان سے آزاد کشمیر ضلع میرپور لایا جا رہا تھا۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر موجود تمام غیر معیاری اشیاء کو تلف کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر میرپور سید عدنان علی نقوی نے کارروائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی غیر معیاری یا غیر قانونی اشیاء خوردونوش شہریوں تک پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی دن رات متحرک ہے تاکہ عوام تک صرف معیاری اور صحت بخش خوراک پہنچے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر معیاری اشیاء کی فروخت یا نقل و حمل کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں