مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو): الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مالی سال 2024-25 کے اختتام پر اپنی مالی تفصیلات فوری طور پر جمع کرائیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی مالی تفصیلات فارم 40 اور فارم 41 کے ذریعے 60 دن کے اندر اندر جمع کرانا لازم ہوگا۔اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن صرف وہی مالی رپورٹس قبول کرے گا جو کسی مستند چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے ذریعے آڈٹ شدہ اور مجاز آڈٹ آفیسر سے تصدیق شدہ ہوں گی۔
سیاسی جماعتوں کو واضح طور پر تنبیہ کی گئی ہے کہ فارم میں کسی بھی قسم کی اوور رائٹنگ یا کٹ پیسٹ شدہ تحریر قابلِ قبول نہیں ہوگی، اور ساتھ ہی بینک اسٹیٹمنٹ کی مصدقہ کاپی منسلک کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے مزید واضح کیا ہے کہ مالی تفصیلات صرف براہِ راست کمیشن کے دفتر میں جمع کرائی جائیں، جبکہ ڈاک، فیکس یا کورئیر کے ذریعے بھیجی گئی دستاویزات ہرگز قبول نہیں کی جائیں گی۔
اعلان میں مزید کہا گیا ہے کہ امیدواران اور سیاسی جماعتیں الیکشن ایکٹ 2020 کی دفعات پر سختی سے عمل کریں۔ اگر کوئی پارٹی یا امیدوار غلط یا گمراہ کن معلومات فراہم کرے تو الیکشن ایکٹ کی دفعہ 116 کے تحت اس کی نااہلی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا یہ اقدام سیاسی جماعتوں میں مالی شفافیت اور احتساب کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ جماعتوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔