0

آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی

(ڈیلی پرل ویو) آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی (AJKFA) کوٹلی کی ٹیم نے یونیورسٹی آف کوٹلی کے مین اور نئے کیمپس کے کینٹینز میں معائنہ کرتے ہوئے خوراک کے معیار اور صفائی ستھرائی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں بے نقاب کیں۔

معائنے کے دوران ٹیم نے ناقص اور باسی تیل، کم معیار کا کیچپ، مصنوعی سلیش فلیورز، غیر صحت مند ماحول، اور فوڈ لی آؤٹ کی بے ترتیبی جیسے معاملات کی نشاندہی کی۔ کارروائی کے دوران 20 لیٹر باسی اور ناقص فرائنگ آئل موقع پر تلف کیا گیا، جبکہ 15 لیٹر کیچپ، 12 لیٹر سلیش فلیورز، 34 عدد شاوارما ڈو، اور 53 انرجی ڈرنکس کی بوتلیں ضبط کر لی گئیں۔ ضبط شدہ اشیاء کی کل مالیت تقریباً 32 ہزار روپے بتائی گئی۔

فوڈ بزنس آپریٹرز کو 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور موقع پر ہی ایمرجنسی پروہیبیشن آرڈر (EPO) جاری کیا گیا، جس کے تحت غیر معیاری خوراک کی تیاری اور فروخت پر فوری پابندی لگا دی گئی۔

یہ کارروائی ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر/فوڈ سیفٹی آفیسر ناظم اکرم، فوڈ اینالسٹ محمد جلیل، اور اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر سردار خورشید پر مشتمل ٹیم نے انجام دی۔ ٹیم نے معائنے کے دوران تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا اور خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، یہ کارروائی AJK فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کی دفعات سیکشن 13، سیکشن 18 (ایمرجنسی پروہیبیشن آرڈر)، سیکشن 22 (غیر معیاری یا مضر صحت خوراک کی فروخت) اور سیکشن 29 کے تحت کی گئی۔ اس کے علاوہ AJK پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 کے تحت خوراک کے معیار، تیل کے استعمال، اور صفائی کے اصولوں کی بھی خلاف ورزیاں پائی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں