0

حکومت بلدیاتی اداروں کے استحکام و ترقی کے لیے پرعزم ہے، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ چوہدری امتیاز احمد

ڈیلی پرل ویو.میرپور(نامہ نگار) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی چوہدری امتیاز احمد نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر بلدیاتی اداروں کے استحکام اور ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس مقصد کے تحت ممبرانِ ضلع کونسل اور چیئرمین حضرات کے اختیارات، فنڈز کی تقسیم کا طریقہ کار، ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور شفاف تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی چیئرمین ترقیاتی سکیمیں اجتماعی مفاد کے تحت مرتب کریں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

یہ بات انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیرِ اہتمام منعقدہ ورکشاپ سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ورکشاپ کی صدارت چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا نے کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر منہاس، ڈپٹی ڈائریکٹر راجہ محمد اشرف، افسرانِ محکمہ اور متعدد چیئرمینز بھی موجود تھے۔

سیکرٹری چوہدری امتیاز احمد نے کہا کہ بلدیاتی نظم و نسق کی مضبوطی کے لیے تمام نمائندگان اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، بروقت تکمیل اور وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی اعتماد میں اضافہ ہو۔

اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا نے کہا کہ ضلع کونسل میرپور کے زیر اہتمام جاری منصوبوں کے ساتھ ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بھی عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جن سے شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں