0

تحریک آزادی کشمیر کو لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنے خون سے سینچا ہےصدر آزادجموں و کشمیر

ڈیلی پرل ویو.صدر آزادجموں و کشمیربیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے یومِ تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں آج پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ہم آج کے دن اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی جاری ر ہے گی تحریک آزادی کشمیر کو لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنے خون سے سینچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچلنے کے لیے ہر ظلم اور جبر آزما لیا، مگر وہ نہ تو پہلے کبھی ان کے عزم کو متزلزل کر سکا اور نہ آئندہ کر سکے گا۔صدرآزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود، کشمیری عوام کا عزم، حوصلہ، اور جذبہ حریت کمزور نہیں پڑا بلکہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہر صورت میں اپنی آزادی حاصل کرکے رہیں گے اور الحاق پاکستان کی منزل کو ضرور حاصل کریں گے، تاکہ ہمارے شہداء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔صدر نے اس موقع پر کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومِ تاسیس کے موقع پر ہم ان تمام عظیم شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے آزادی کی تحریک کو جاری رکھا۔ ان کا خون ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے بھارت کے مکروہ عزائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کے جذبے کو دبانا چاہتا ہے، لیکن وہ کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ کشمیری عوام نے اپنی تحریکِ آزادی کے لیے تن، من، دھن، اور سب کچھ قربان کر دیا ہے اور وہ اس مقصد کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہیں۔صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آپریشن بنیان المرصوص میں پاک افواج کی بھارت کے خلاف کامیابی پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہماری پاک افواج نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملایا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ صدرآزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلوائیں۔ اگر عالمی برادری نے بروقت اقدامات نہ کیے، تو مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔صدرآزادکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت کے جابرانہ و غاصبانہ تسلط سے آزاد ہو کر آزادی کی فضاؤں میں سانس لیں گے۔ یوم تاسیس کے موقع پر، ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہنے اور ان کی جدوجہد میں ساتھ دینے کا عہد کرنا ہوگا، تاکہ وہ دن جلد آئے جب کشمیر آزاد ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں