ڈیلی پرل ویو.جامعہ پونچھ راولا کوٹ، اکیڈمک کونسل کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈینز، ڈائریکٹرز، سربراہانِ شعبہ جات اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جامعہ کے تدریسی و تحقیقی امور سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس کے دوران اکیڈمک کونسل نے تعلیمی پروگرامز، نصاب میں ترامیم، امتحانی پالیسیوں اور معیارِ تعلیم میں بہتری سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ وائس چانسلر نے تعلیم میں بہترین معیار، تدریسی طریقہ کار میں جدت، اور تحقیقی سرگرمیوں میں تیزی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ پونچھ راولاکوٹ کو خطے کا ایک نمایاں اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے کے لیے تمام اساتذہ اور عملے کو مشترکہ کاوشیں جاری رکھنی ہوں گی۔ ڈاکٹر زکریا ذاکر نے طلباء کی فلاح و بہبود پر مرکوز تعلیمی ماحول کو فروغ دینے اور جامعہ و کمیونٹی کے مابین مضبوط تعلقات استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں نئے تعلیمی پروگرامز کے حوالے سے بھی غور کیا گیا, جن کا مقصد جدید سماجی و معاشی ضروریات کے مطابق تعلیم کو ہم آہنگ بنانا ہے۔ کونسل نے مجموعی طور پر جامعہ کے اکیڈمک معیار اور گورننس میں بہتری کے لیے متعدد سفارشات کی منظوری دی. اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر کی تعلیمی وژن اور رہنمائی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کی قیادت میں جامعہ پونچھ راولا کوٹ کی مسلسل ترقی اور علمی بلندی کے عزم کا اظہار کیا گیا۔