0

المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کا درختوں کی حفاظت کیلئے عملی مہم رضاکاروں کی پہاڑوں پر شاندار خدمت

ڈیلی پرل ویو.مظفرآباد (نامہ نگار) — ماحول کے تحفظ اور درختوں کی دیکھ بھال کے جذبے کے تحت المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے رضاکاروں نے چہلہ کے مضافاتی پہاڑوں پر ایک عملی مہم کے دوران درختوں کے گرد اگنے والی گھاس کی کٹائی، شاخ تراشی کے کام سرانجام دیے۔ اس موقع پر رضاکاروں نے شدید دھوپ اور دشوار گزار راستوں کے باوجود اپنی بھرپور لگن اور محنت سے درختوں کی دیکھ بھال کے اس عمل کو کامیابی سے مکمل کیا۔مہم کے دوران رضاکاران نے ماحول کے تحفظ کے جذبے کے ساتھ درختوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ رضاکاروں کا کہنا تھا کہ سبزہ و شجر کاری نہ صرف زمین کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں بلکہ آب و ہوا کے توازن، آکسیجن کی فراہمی اور انسانی صحت کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔اس موقع پر المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر عتیق احمد کیانی نے کہا کہ“درخت اور انسانی زندگی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ درخت نہ صرف ماحول کو خوشگوار بناتے ہیں بلکہ انسانی صحت اور بقا کے ضامن بھی ہیں۔ ان کی حفاظت ہم سب پر لازم ہے، درخت لگانا اور ان کی حفاظت کرنا نہ صرف ماحولیاتی عمل ہے بلکہ عبادت اور صدقہ جاریہ کا درجہ رکھتا ہے۔بد قسمتی سے جنگلات میں گھاس کو آگ لگ جاتی ہے یا لگا دی جاتی ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے جنگلات کی حفاظت کریں تاکہ ہمارہ شہر مزید خوبصورت ہو سکے۔صدر المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی نے پورے آزاد کشمیر نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد موجود درختوں کی حفاظت اجتماعی طور پر اسی طرح کر کے درختوں کو محفوط بنانے کی کوشش کریں ”۔انہوں نے مزید کہا کہ“اگر خدانخواستہ جنگل میں آگ لگ جائے تو یہ ننھے پودے اور درخت سب جل جاتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہم سب ان کی نگہداشت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔ درختوں کی حفاظت دراصل آنے والی نسلوں کی بقا کی ضمانت ہے۔علاقے کے مکینوں نے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے رضاکاروں کی اس مثبت سرگرمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف ماحول کی بہتری میں مدد دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں خدمتِ خلق اور ذمہ داری کا جذبہ بھی بیدار کرتے ہیں۔اہل علاقہ نے امید ظاہر کی کہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی اس شاندار عملی مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے دیگر ذمہداران محکمہ جات اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں بھی اسی طرح اپنے شہر کو خوبصوت بنانے میں عملی اقدامات کری گی تاکہ خطے میں سبزہ، قدرتی حسن اور ماحول کا توازن برقرار رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں