مظفرآباد (ڈیلی پرل ویو)ممبر ضلع کونسل یونین کونسل راجپیاں حلقہ نمبر 1 کوٹلہ مظفرآباد، میر غلام مصطفیٰ نے کہا ہے کہ مظفرآباد ڈویژن میں تعلیمی بورڈ کے قیام کی اہمیت، ضرورت اور جوازیت اپنی جگہ واضح اور مضبوط ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی آبادی، تعلیمی اداروں کی کثرت، اور طلبہ کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ایک ہی بورڈ کے تحت پورے آزاد کشمیر کے معاملات چلانا انتظامی طور پر مشکل اور غیر مؤثر ہو چکا ہے۔اپنے ایک بیان میں میر غلام مصطفیٰ نے کہا کہ نیا تعلیمی بورڈ محض اداروں کی تقسیم نہیں بلکہ نظامِ تعلیم میں اصلاح، شفافیت اور سہولت کا ضامن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی کے لاکھوں طلبہ کو میرپور بورڈ تک رسائی کے لیے سفر، اخراجات اور وقت کی دشواریوں کا سامنا ہے، جو تعلیمی کارکردگی پر براہِ راست اثر ڈالتی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ“ہم میرپور بورڈ کے مخالف نہیں، بلکہ صرف انتظامی ضرورت اور جغرافیائی تقاضوں کے تحت مظفرآباد ڈویژن میں علیحدہ بورڈ کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ یہاں کے طلبہ کو تعلیمی سہولت ان کی دہلیز پر حاصل ہو۔”انہوں نے مزید کہا کہ نیا بورڈ قائم ہونے سے امتحانات، رزلٹ، داخلہ پالیسی، اور تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی، اساتذہ اور طلبہ کو اپنے خطے میں ہی براہِ راست سہولت میسر ہو گی، اور حکومتی نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنے گا۔میر غلام مصطفیٰ نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی مفاد، تعلیمی بہتری اور مستقبل کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے مظفرآباد ڈویژنل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے قیام کے لیے فوری اقدامات کرے۔تاکہ عوام طلبا اور والدین میں پائی جانے والی بے چینی کا ازالہ ہو سکے.
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل