اسلام آباد (ڈیلی پرل ویو) پاسبانِ وطن پاکستان کے مرکزی صدر و سابق وزیرسیاحت و ٹرانسپورٹ محمد طاہر کھوکھر اور چیئرمین شیخ مختار اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا ووٹ حاصل کرنے والے ہی آج عوام کے ووٹ کی توہین کر رہے ہیں اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے سیاست دانوں نے صرف اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ریاستی اداروں کو مفلوج کر دیا ہے جمہوریت کے نام پر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ملک میں عوامی حکومت نہیں بلکہ بدترین آمریت کا دور مسلط ہے۔محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ حکمران طبقہ عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے اپنی عیاشیوں اقتدار کے استحکام اور ذاتی مفادات میں الجھا ہوا ہے ملک پر قرضوں کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے جبکہ عوام کو ٹیکس دینے والی مشین سمجھ کر نچوڑا جا رہا ہے موجودہ سیاسی ڈھانچے نے ریاستی اداروں کو کمزور اور عوام کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔پاسبانِ وطن پاکستان کے صدر نے کہا کہ حکمران طبقہ عوامی مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق ہو چکا ہے مہنگائی بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے کسان مزدورتاجر اور سرکاری ملازمین سب پریشان حال ہیں مگر اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگ صرف اپنی سیاست بچانے میں مصروف ہیں عوام سے کیے گئے وعدے محض لفاظی ثابت ہوئے عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لیے کسی نے سنجیدہ کوشش نہیں کی۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ ملک میں اب صدارتی نظام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے کیونکہ پارلیمانی نظام کے نام پر عوام اور ریاست دونوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے پاکستان جیسے ملک میں جہاں موروثی سیاست نے جڑیں مضبوط کر لی ہیں وہاں پارلیمانی نظام صرف چند خاندانوں کے اقتدار کو طول دینے کا ذریعہ بن چکا ہے ان خاندانی سیاست دانوں نے ملک کے وسائل کو لوٹ کر ذاتی تجوریاں بھر لیں عوام کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیاجبکہ خود حکمران طبقہ شاہانہ زندگی گزار رہا ہے یہ وہی طبقہ ہے جو اقتدار کے لیے ہر اصول ہر قانون اور ہر ادارے کو کمزور کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔طاہر کھوکھر نے کہا کہ اگر ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ہمیں پرانے فرسودہ نظام سے نجات حاصل کرنی ہوگی ریاست کو مضبوط قیادت واضح سمت اور مؤثر نظامِ حکومت کی ضرورت ہے۔ قوم اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچانیں اور ایسے حکمرانوں کو مسترد کریں جو عوام کو صرف انتخابات کے وقت یاد کرتے ہیں عوامی شعور کی بیداری ہی ملک کی حقیقی آزادی اور خوشحالی کی ضمانت ہے پاسبانِ وطن پاکستان عوامی حقوق کی حفاظت اور ریاستی اداروں کے استحکام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی وقت آ گیا ہے کہ عوام کھوکھلے نعروں کے بجائے عملی تبدیلی کے لیے میدان میں آئیں تاکہ پاکستان کو کرپٹ نظام سے نجات دلائی جا سکے اور اسے حقیقی معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنایا جا سکے۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل