آزاد کشمیر ہا ئیکورٹ کا تقرریوں و تبادلوں پر پابندی ختم کرنے کا حکم

آزاد کشمیر ہا ئیکورٹ کا تقرریوں و تبادلوں پر پابندی ختم کرنے کا حکم مظفر آباد(پرل نیوز)آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرریوں و تبادلوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا حکم دیدیا ۔ڈی.جی میرپور ڈ ویلپمنٹ اتھارٹی انور غازی کو حکم امتناعی کے باوجود الیکشن کمشن کی ہدایت پر عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔عہدے سے فراغت کیخلاف ڈی.جی میرپور ڈ ویلپمنٹ اتھارٹی انور غازی نے توہین عدالت کی درخواست ہائی کورٹ میں دائر کر دی تھی۔آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے احکامات معطل کر دیئے۔فیصلے میں کہا گیا کہ محکموں اور اداروں پر سرکاری وسائل کے استعمال پر عائد پابندیاں حکومتی اختیارات میں مداخلت ہے،الیکشن کمیشن کے احکامات حکومتی امور میں بے جا مداخلت اور غیر قانونی ہیں۔فیصلہ میں کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کو حکومت کے جملہ کاموں پر پابندی عائد کرنے کا اختیار نہ ہے،تقرریوں و تبادلوں پر پابندی اختیارات سے تجاوز اور حکومتی اختیار میں مداخلت ہے ۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کی ہدایات کو حکومت کے اختیارات میں مداخلت سے تعبیر کیا ہے۔فیصلہ میں کہاگیا کہ حکومت معمول کے مطابق سرکاری امور انجام دے گی۔عدالت نے متعلقہ اداروں کو فیصلے پر عملدرآمد کے لئے بھی پابند کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کیلئے صلاح مشورہ شروع کر دیا۔

متعلقہ خبریں