راولاکوٹ ( نمائندہ خصوصی ) راولاکوٹ میں قرآن پاک کے شہید نسخوں کو محفوظ کرنے کیلئے آزادکشمیر میں پہلے قرآن ہائوس کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا، قاسم سماجی تنظیم دریک راولاکوٹ کے زیر اہتمام دریک میں تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی سابق صدارتی مشیر سردار اعجاز یوسف تھے جبکہ اس تقریب سے سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سردار ذاکر خان، مسلم کانفرنس کے مرکزی رابطہ سیکرٹری سردار نیاز تبسم نے خطاب کیا ، اس موقع پر غازی ملت پریس کلب کے سابق صدر اعجاز قمر ، محمد بشارت حسین ، تنظیم کے نائب صدر صوبیدار ریٹائرڈ تنویر حسین ، زاہد حنیف ، امام مسجد دریک قاری تنویر حسین اور دیگر بھی موجود تھے ، قاسم سماجی تنظیم کے صدر ڈاکٹر قاضی نثار نے شرکاء کو قرآن ہائوس کی تعمیر کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن ہائوس کے لئے ان کے والد محترم قاضی محمد رشیدنے پندرہ لاکھ روپے مالیت کی پانچ مرلے اراضی عطیہ کی جبکہ اس کی تعمیر پر تیرہ لاکھ سے زائد اخراجات کاتخمینہ لگایا گیا ہے ،راولاکوٹ میں چند ماہ قبل توہین قرآن کے واقعہ کے بعد اس طرح کے منصوبہ کی اشد ضرورت محسوس ہوئی جس پر کام شروع کیا گیا اور مختلف ڈونرز کے تعاون سے یہ منصوبہ چند ماہ میں مکمل ہو جائیگا ، اس موقع پر مہمان خصوصی صدارتی مشیر سردار اعجاز یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاسم سماجی تنظیم کی خدمات قابل تقلید ہیں ،قرآن ہائوس کی تعمیر ایک مثالی منصوبہ ہے اور اس کی سعادت بھی قاسم سماجی تنظیم کو حاصل ہوئی ، اس ہائوس کی تعمیر سے قرآن پاک کے شہید نسخے محفوظ کئے جاسکیں گے، اس تنظیم نے غریب ، بے کس ، بے سہارا خاندانوں کی کفالت کیلئے جو اقدامات کئے وہ مثالی ہیں ، ساٹھ کے لگ بھگ خاندانوں کو فوڈ پیکیج ماہانہ مہیا کرنا یقینا عظیم کام ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے ایسے خاندانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے اور انہیں خود کفیل بنانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ایسے خاندانوں کو دوسروں پر تکیہ کرنے کی بجائے اپنا روزگار میسر ہو، موجودہ دور میں یہ جان جوکھوں کا کام ہے ، انہوں نے کہا کہ خدمت خلق ہی انسان کا اصل فریضہ ہے اور خدمت خلق کی سعادت ہر کسی کو حاصل نہیں ہوتی ، قاسم سماجی تنظیم کے صدر قاضی نثار نے نامساعد حالات میں مختلف ڈونر ز کی معاونت سے مستحقین کی مدد کا سلسلہ جاری رکھا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ، سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سردار ذاکر خان نے قاسم سماجی تنظیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن ہائوس کی تعمیر منفرد منصوبہ ہے اس کی تعمیر سے جہاں قرآن پاک کے شہید نسخے محفوظ ہوں گے وہاں قرآن پاک کی حرمت سے متعلق لوگوں میں آگاہی بھی پیدا ہو گی ، قاضی نثار کے والد محترم جنہوں نے قیمتی اراضی عطیہ کی اور وہ ڈونرز جو اس تنظیم کی معاونت کرتے ہیں وہ مبارکباد اور خراج تحسین کے مستحق ہیں ، افرا تفری ، نفسانفسی کے موجودہ دور میں دوسروں کی بلا تخصیص مدد کرنا مشکل کام ہے مگر قاضی نثار اور ان کی ٹیم نے احسن انداز میں تمام امور کو سرانجام دیا ، سماجی خدمات کے علاوہ صحت کے شعبہ میں بھی قاسم سماجی تنظیم کی خدمات قابل تحسین ہیں، تقریب کے اختتام پر شرکاء کی پر تکلف تواضع بھی کی گئی اور اس منصوبہ کی تکمیل، فلسطینیوں اور کشمیر یوں کی آزادی ، تنظیم کے ڈونرز کی ترقی ، درازی عمر اور ان کے مرحوم لواحقین کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔
0