اسلام آباد ، مظفرآباد(صباح نیوز)غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کے پاکستان چھوڑنے میں صرف ایک دن باقی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کاکہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن نہیں بڑھائی جائے گی۔اس ضمن میں سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر میپنگ و جیو فینسنگ کر کے مشکوک افراد کی نشاندہی کر لی، آج بروزمنگل 31 اکتوبر کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی جائیں گی۔یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم افراد کی بے دخلی کا فیصلہ حتمی ہے، اس میں توسیع نہیں ہو گی۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ انخلا کے منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جا رہا۔ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ یو این ایچ سی آر کا میڈیا کو دیا گیا بیان دیکھا، انخلاکے منصوبے کا اطلاق پاکستان میں غیر قانونی مقیم تمام غیر ملکیوں پرہوتا ہے، منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھاجا رہا، یہ فیصلہ پاکستان کے خود مختار قوانین اور بین الاقوامی اصولوں کو مدنظر رکھ کرکیاگیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں مقیم تمام رجسٹرڈ غیر ملکی اس کے دائرہ کار میں نہیں آتے، حکومت پاکستان خراب صورتحال سے متاثر افرادکی سکیورٹی اور تحفظ کاعزم کئے ہوئے ہے، حکومت پاکستان ان لوگوں کے تحفظ اور حفاظت کی ضروریات کے حوالے سے اپنے وعدوں کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ لیتی ہے، پاکستان نے لاکھوں افغان بھائیوں اور بہنوں کی 40 سال تک میزبانی کی ہے، 40 سال سے لاکھوں افغان بہن بھائیوں کی میزبانی جیتاجاگتا ثبوت ہے، عالمی برادری ترجیحی بنیادوں پر مہاجرین کی صورتحال کوتحفظ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں کرے، پاکستان اس سے متعلق عالمی شراکت داروں کے ساتھ کام کرتا رہے گا ۔
0