0

گھریلو صارفین کیلیے گیس کی قیمتوں میں 172 فیصد تک اضافے کی منظور

اسلام آباد(پرل نیوز) حکومت نے گھریلو صارفین کیلیے گیس کی قیمتوں میں 172 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ جس کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ماہانہ 25 سے 90 مکعب میٹر تک گیس کے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے قیمت نہیں بڑھائی گئی جبکہ پروٹیکٹڈ صارفین کیلیے فکسڈ چارجز 10 سے بڑھا کر 400 روپے کر دیے گئے، پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ماہانہ بل 900 روپے سے زیادہ کا نہیں ہوگا، جبکہ تندور کے لیے بھی گیس کے نرخوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کیلیے گیس کی قیمت میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق ماہانہ 25 مکعب میٹر کے صارفین کیلیے قیمت 200 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 60 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 300 سے بڑھ کر 600روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 100 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 400 سے بڑھا کر 1000روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ماہانہ 150 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 600 سے بڑھا کر 1200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 200 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 800 سے بڑھا کر 1600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 300 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 1100 سے بڑھا کر 3000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔ ماہانہ 400 مکعب میٹر استعمال پر گیس کی قیمت 2000 سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو، ماہانہ 400 مکعب میٹر سے زائد استعمال پر قیمت 3100 سے بڑھا کر 4000 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق تندوروں کیلیے گیس کی قیمت 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو برقرار ہے جبکہ پاور پلانٹس کیلیے گیس کی قیمت 1050 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو برقرار رکھی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق سیمنٹ سیکٹر کیلیے گیس کی قیمت 4400 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی، سی این جی سیکٹر کیلیے گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 3600 روپے، برآمدی صنعتوں کیلیے گیس کی قیمت 2100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق غیر برآمدی صنعتوں کیلیے گیس کی قیمت 2200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں