0

مقبوضہ کشمیر،تین حریت پسندوں کے گھر قرق، چار کشمیری نوجوان گرفتار

سری نگر(کے پی آئی)بھارتی حکومت نے تین کشمیری حریت پسندوں کے گھروں کو قرق کر لیا ہے۔کشمیری حریت پسند تنظیم حزب المجاہدین کے سابق چیف آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکو نے کولگام میں شہادت سے قبل ثنا اللہ میر کے گھر پر قیام کیا تھا۔ کمانڈر ریاض نائیکو کو گھر میں ٹھہرانے پرثنا اللہ میر کے گھر کو قرق کر لیا گیا ہے ۔ ریاض نائیکو مئی 2020 میں بھارتی فورسز سے جھڑپ میں شہید ہوگئے تھے ۔40 سالہ ریاض نائیکو حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر تھے اور انھیں 2016 میں شہید والے کمانڈر برہان وانی کا جانشین سمجھا جاتا تھا۔پولیس نے ریاض نائیکو کے سر پر 12 لاکھ روپے کا انعام رکھا تھا۔ دوسری جانب بھارتی فورسز نے شمالی کشمیر میں4 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران ضلع بارہ مولاکے علاقے کنزر میں لوگوں کو ہراساں کیا اور 2 نوجوانوں الطاف احمد راتھر اور فاروق احمد نقیب کو گرفتار کرلیا۔اس سے قبل ڈانگر پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 2 نوجوانوں غلام حسن میر، مختیار احمد خان کو گرفتار کیا گیا۔گرفتاریوں کا جواز پیش کرنے کے لیے، نوجوانوں کو مجاہد تنظیموں کا رکن قرار دیا ہے جو کشمیری عوام کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دلانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہیں جن کا وعدہ اقوام متحدہ نے ان سے کیا تھا۔ پولیس نے الطاف احمد راتھر ، فاروق احمد نقیب، غلام حسن میر، مختیار احمد خان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ان کے قبضے سے ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ ادھر بھارتی فورسز نے محاصرے تلاشی کارروائی بڑھا دی ہے سری نگرسمیت وادی کے باقی اضلاع میں سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں