0

اسرائیلی فضائیہ کا غزہ میں مسجد پر حملہ، 50 نمازی شہید، متعدد زخمی، شہدا کی تعداد ساڑھے 11ہزارسے متجاوز

غزہ (پرل ویب) اسرائیلی فضائیہ کے غزہ میں مسجد پر حملے میں 50 نمازی شہید اورمتعدد زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ کے علاقے سبرا میں مسجد پراس وقت بمباری کی جب مسجد میں نماز ادا کی جارہی تھی اور مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی،زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں 55 سے زائد مساجد مکمل طور پر شہید ہو چکی ہیں جبکہ 139 مساجد کو نقصانات پہنچے ہیں۔صیہونی فورسز کی جانب سے اردنی فیلڈ ہسپتال پر فضائی حملہ کیا گیا جس میں 7 ارکان زخمی ہو گئے جبکہ اسرائیلی فوج ایک بار پھر غزہ کے الشفا ہسپتال میں داخل ہو گئی،ہسپتال کے جنوبی داخلی راستے کے کچھ حصوں کو تباہ کر دیا، بیسمنٹ سمیت مختلف حصوں میں تلاشی کے دوران نہ یرغمالی ملے، نہ کسی سرنگ کا نشان ہاتھ لگا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے الشفا ہسپتال سے حماس کا اسلحہ اور وردیاں ملنے کا دعوی کیا گیا تاہم اسرائیلی دعوی ڈاکٹروں اور حماس نے جھوٹا قرار دے دیا۔ اسرائیلی فوج کے اکائنٹ سے بطور ناقابل تردید شواہد پوسٹ کی جانے والی الشفا ہسپتال کی وڈیو ڈیلیٹ کر دی گئی، ایڈیٹنگ اور کچھ چیزیں چھپانے کے بعد دوبارہ نشر کرنے سے اسرائیلی دعوؤں پر شہبات بڑھ گئے۔ الجریزہ کے مطابق الشفا ہسپتال سے رپورٹنگ کرنے والے امریکی ٹی وی کے رپورٹر اور اسرائیلی دعوؤں میں بھی تضاد سامنے آگیا جبکہ قطر نے غزہ میں ہسپتالوں پر حملوں کی عالمی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے الشفا ہسپتال کے اندر اسرائیل کی تازہ کارروائی کو “جنگی جرم” قرار دے دیا۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ میں بمباری کو 40 روز ہو چکے ہیں اور اب تک ساڑھے 11 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے اسکولوں، ہسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بھی بمباری کر کے فلسطینیوں کو شہید کیا جبکہ مغربی کنارے اور خان یونس کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی اسرائیل کی چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں