گوراہ /پلندری /سدھنوتی(پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی خصوصی ہدایت پر کمشنر پونچھ ڈویژن سردار سہیل اعظم خان اور چیف انجنیئر سنٹرل ڈیزائن آفس سردار احسان الحق نے جمعہ کے روز گوراہ چھتروڑی راولاکوٹ پر مجوزہ پل کی سائٹ کا معائنہ کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے یہ ہدایات گزشتہ دنوں اپنے دورہ پلندری کے دوران منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران دی تھیں۔ ہدایت کے مطابق سدھنوتی اور پونچھ کے عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے طویل عرصے سے تعطل کا شکار چھتروڑی بانڈی پل کی فوری طور پر سکیم بنا کر ارسال کرنے کی ہدایت کی تھی۔ سنٹرل ڈیزائن آفس کی ٹیم نے پل کے لیے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے عوام کی سفری مشکلات کو کم کرنے کے لیے پلندری و راولاکوٹ سے ملانے والی شاہراہ پر چھتروڑی کے مقام پر پل لگانے کے لیے اقدامات کی خصوصی ہدایت کی تھی۔ اس پل کی تکمیل سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی سفری مشکلات میں کمی واقع ہو گی۔ وزیر اعظم کے احکامات پر عملدرآمد کے سلسلہ میں چیف انجنیئر سنٹرل ڈیزائن آفس مظفرآباد اور کمشنر پونچھ نے متعلقہ جگہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سردار عمر فاروق، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سدھنوتی ناصر لطیف، نائب مہتمم تعمیرات شاہرات پلندری سردار شوکت زمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
0