راولاکوٹ (پرل نیوز) فرینڈز پینل آزادکشمیر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ضلع پونچھ کے صدارتی امیدوار سردار محمد نعیم، امیدوار جنرل سیکرٹری شاہد اسلم ، نو منتخب مرکزی نائب صدر سردار خرم خیام ، سابق مرکزی نائب صدر محترمہ نورین پیر ، ادریس طارق نے اپسکا پونچھ کے انتخابات پر تحفظا ت کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ضلع پونچھ میں منصوبہ بندی میں نتائج تبدیل کئے گئے ، ہمارے مخالف پینل نے محض دو ووٹوں سے کامیابی حاصل کی اس کے پس پردہ کچھ حقائق ہیں جن سے ہمارے تحفظات کو تقویت ملتی ہے ، ہمارے پینل کے جنرل سیکرٹری کا ووٹ کسی اورنے ڈال دیا جس پر ہم نے احتجاج کیا ، تاہم ان تمام تر تحفظات کے باوجود ہم نے انتخابی نتائج کے بعد کامیاب پینل کو ہار ڈالے اور انہیں مبارکباد دی ، ہمار ا مقصد اس نظام کو تبدیل کرنا ہے جو پہلے سے رائج ہے اور ہمارے مرکزی صدر اشتیاق بخاری کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے پونچھ میں پہلی مرتبہ نامزدگیوں کی بجائے براہ راست الیکشن ہوئے اور اس کے نتیجہ میں ہمارے پینل کے مرکزی نائب صدر خرم خیام بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے جس پر ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں ، یہ بات انہوں نے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ قبل ازیں ضلعی الیکشن کمشنر نے جانبداری برتی اور ہمارے جنرل سیکرٹری کو نااہل قرار دیا جس پر ہمارے تحفظات اب بھی موجود ہیں اور ہم چاہتے ہیں ایسی غلطیاں مستقبل میں نہیں ہونی چاہئیں ، ہم نے بھرپور انداز میں غلطیوں کی نشاندہی کی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ایسا ممکن نہیں ہو گا ، ہار جیت ہمار ا مسئلہ نہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ تعلیم و تربیت سے منسلک شعبہ کے لوگوں کو دوسروں کیلئے مثال بننا چاہیے اور ایسی روایات کو پروان چڑھانا ہو گا جس سے ہماری کمیونٹی کی عزت و وقار میں اضافہ ہو ، انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس نظام کو بدلنے کیلئے کوشاں ہیں اور مرکزی صدر سید اشتیاق بخاری کی کاوشوں سے آئین میں تبدیلی کی گئی اور ہر سکول کو ووٹ کا حق دیا گیا ورنہ پہلے تو چند لوگ بیٹھ کر نامزدگیاں کرتے تھے جس سے دیگر لوگوں کو استحقاق مجروح ہو رہا تھا ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری کے امیدوار شاہد اسلم نے واضح کیا کہ ان کا ووٹ کسی اور نے ڈالا اور میرے احتجاج پر اس معاملہ کو دیکھا گیا ، اس حوالہ سے ہم آپس میں مشاورت کریں گے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ہم اس نظام کی بہتری کیلئے عدالت سے بھی رجوع کریں ، ہم کامیاب امیدواران کو ہا ر ڈال کر بہترین مثال قائم کی ، توقع ہے کہ نئے عہدیداران اپسکا کی بہتری کیلئے بلا تخصیص اپنی خدمات انجام دیں گے اور مسائل حل کرنے کیلئے جاندار اقدامات کریں گے ۔
0