0

جامعہ پونچھ ملازمین کی قلم چھوڑ ہڑتال، تنخواہوں میں اضافہ تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان

راولاکوٹ(پرل نیوز) جامعہ پونچھ کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہو سکا، ایڈمنسٹریٹو سٹاف کی جانب سے قلم چھوڑ ہڑتال، دفتری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے، تنخواہوںمیں اضافہ کیے جانے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ پونچھ کے ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کا آغاز کر دیا، ملازمین نے بجٹ میں اعلان کردہ تنخواہوںمیں اضافہ نہ ملنے کے خلاف قلم چھوڑ ہڑتال شروع کر دی جو کہ تنخواہوں میں اضافہ تک جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلہ میں جامعہ پونچھ مین کیمپس میں ملازمین نے صبح احتجاجی مظاہرہ کیا اور دن بھر دھرنا دیئے رکھا۔ ملازمین کے احتجاجی مظاہرے سے ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر سردار خلیق خان،چیف آرگنائزر فرخ فاروق، نائب صدر کامران جنت، سیکرٹری جنرل رضوان عباسی،سیکرٹری اطلاعات ثاقب راٹھور، لالہ فردوس، یاسر طالب، سردار فیصل، طاہر سرور، عقیل اشرف، محمد حنیف، عمار منصور، ساجد رفیق اور حافظ مدثر نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی کے اس دور میں ملازمین کو ان کے بنیادی حق سے محروم رکھنا سراسر نا انصافی ہے، بجٹ میں اعلان کردہ تنخواہوں میں اضافہ پاکستان کے تمام صوبوں، جی بی ، آزادکشمیر کے دیگر محکمہ جات میں کر دیا گیا مگر جامعہ پونچھ اور آزادکشمیر کی دیگر جامعات میں اضافہ نہ ہونا ایک ریاست میں دو قوانین کے مترادف ہے۔ جامعہ پونچھ انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو بارہا یقین دہانی کرائی گئی ، حال ہی میں جامعہ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے ملازمین سے وعدہ کیا گیا کہ 10 دسمبر سے تنخواہوں میں اضافہ کر دیا جائے گا مگر عین وقت پر وعدہ خلافی کرتے ہوئے ملازمین کو راست اقدام پر مجبور کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملازمین اب کسی یقین دہانی پر احتجاج ختم نہیں کریں گے جب تک تنخوہیں اکائونٹ میں نہیں آتی تب تک قلم چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی۔ یاد رہے کہ جامعہ پونچھ کے ملازمین ایک عرصہ سے حکومت اور جامعہ پونچھ انتظامیہ سے تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ کر رہے ہیں، اس تسلسل میں ایک بار علامتی ہڑتال بھی کی گئی تاہم مسائل حل نہ ہو سکے۔ ملازمین کی ہڑتال سے جامعہ کے امور بری طرح متاثر ہوئے، ٹرانسپورٹ بند ہونے سے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں