0

صحافت ایک انتہائی مشکل پیشہ، شعبہ سے وابستہ لوگ جہاد کر رہے ہیں، خدیجہ زرین

راولاکوٹ( پرل نیوز) ماہر تعلیم و ممتاز سماجی رہنما،خدیجہ زرین فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن محترمہ خدیجہ زرین نے یہاں راولاکوٹ میں’’ غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ‘‘ کے ممبران کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ظہرانے میں پریس کلب کے نئے ممبران سمیت جملہ ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ خدیجہ زرین نے کہا کہ صحافت ایک مشکل پیشہ ہے۔جو لوگ اس پیشے سے وابستہ ہیں وہ واقعی جہاد کر رہے ہیں۔ غازی ملت پریس کلب کی ایک تاریخ ہے،میں جب بھی یہاں آئی مجھے آپ لوگوں نے عزت و پیار دیا جو میرے لیے باعث افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں صحافیوں اور پریس کلبوں کے مسائل سے اچھی طرح آگاہ ہوں اور میری پوری کوشش ہو گی کہ میں آپ لوگوں کے لیے جو بھی کر سکتی ہوں وہ کروں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے نام سے منسوب فاونڈیشن عوامی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے بنائی ہے اور بھمبر سے نیلم تک خدمت کا یہ سلسلہ جاری ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے وہ ایک بہترین ٹیم بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں اور مجھے ہر جگہ سے صحافیوں کا بھر پور تعاون حاصل رہا۔ غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے صدر سردار راشد نذیر نے محترمہ خدیجہ زرین کی جانب سے دیئے گے ظہرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے ممبران کے ساتھ جس شفقت کا آپ نے مظاہرہ کیا اور کر رہی ہیں اس پر میں پریس کلب کے جملہ ممبران کی جانب سے آپ کا شکرگزار ہوں۔ اپ ہماری بہن ہیں اور غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ آپ کے سماجی کاموں میں ہمیشہ آپ کا ساتھ دیتا رہے گا۔ آپ کو جہاں بھی پریس کلب کی ضرورت پڑے گی،پریس کلب آپ کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں