مظفرآباد(پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے وزیر ٹیوٹا سردار عامر الطاف خان کی قیادت میں منگ ضلع سدھنوتی کیوفد نے وزیراعظم سیکرٹریت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد میں مولانا محمد سعید خان, سابق چیئرمین سردار تنویر خادم, ڈسٹرکٹ کونسلر سردار افتخار, ڈسٹرکٹ کونسلر سردار شوکت علی, سردار ممتاز حسین, سردار ذوالفقار حسین, مولانا حفیظ الرحمن, سردار معروف حسین, سردار راشد کبیر اور مولانا مسعود سعید بھی موجود تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی خدمت کے مشن کو پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور فنڈز صرف اور صرف عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر ریاست کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے کردار ادا کرنا ہے۔ حقوق کے نام پر انتشار پیدا کرنا کوئی عقلمندی نہیں ہے۔ کسی کو بھی اس نظام کو لپیٹنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست میں انتشار کے ماحول کو صاف ستھرا کر کے پاکیزہ ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں کی پوری طرح نگہبانی اولین ترجیح ہے۔ وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے ریاست میں تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے سابق مشیر راجہ مبشر اعجاز کی قیادت میں دھیرکوٹ کے وفد نے وزیراعظم سیکرٹریت میں ملاقات کی۔ وفد میں راجہ محمد سعود, راجہ ظہور احمد, راجہ عابد علی عابد, نیئر اشرف, راجہ ادریس اور صارم فاروق شامل تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آ نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہیں۔ نوجوانوں نے آگے چل کر ملک وملت کی خدمت کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تعلیم, صحت, روزگار اور تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جائے گا۔
0