راولاکوٹ (پرل نیوز) ڈپٹی کمشنر پونچھ سید ممتاز کاظمی نے کہا ہے کہ مسلم ہینڈز نے دیگر شعبہ جات کی طرح تعلیمی میدان میں بھی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں جنہیں تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، مسلم ہینڈز نے کسی کی عزت نفس مجروح کئے بغیر بلا تخصیص یتیم ، بیوائوں سمیت غریبوں ، مستحقین کی معاونت کی ہے جو قابل تحسین عمل ہے ، پرامن ، دیرپا اور مثالی معاشرے قائم کرنے کیلئے تعلیم کے میدان میں ترقی ناگزیر ہے ، اساتذہ، والدین اور طلباء کے باہمی تعاون ، تال میل اور مشاورت سے ہی نسل نو کی بہتر تربیت کی جاسکتی ہے ، یہ بات انہوں نے مسلم ہینڈز سکول آف ایکسی لینس راولاکوٹ میں ڈونرز کی طرف سے104یتیم طلباء و طالبات کے ورثاء کی مالی معاونت کیلئے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ، تقریب سے مسلم ہینڈ ز کے ایریا منیجر سردار افتخار انقلابی ، سردار شفیق رضا نے خطاب کیا،اس موقع پر رجسٹریشن ڈیسک، کمپلینٹ اینڈ فیڈ بیک ڈیسک معیاری ایس او پیز کے تحت رکھے گئے تھے ، ڈپٹی کمشنر پونچھ سید ممتا زکاظمی نے کہا کہ طلباء و طالبات ، بچوں کے والدین اور ورثاء کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی بہترین تربیت کی طرف توجہ دیں ، بچوں میں کسی طرح کے کوئی مسائل ہیں تو وہ اساتذہ کو بتائے جائیں تاکہ ان کا حل نکل سکے ، بچوں کی ذہنی وجسمانی تربیت ، ان کی ذہنی نشو و نما میںجہاں اساتذہ کا کردار اہم ہے وہاں والدین کو بھی اپنا فریضہ ہر صورت ادا کرنا ہو گا، موجودہ دور میں نئی نسل کو موبائل فون جیسی خرافات سے بھی دور رکھنا لازم ہے ، ابتدائی تعلیم کے دوران موبائل فون کا استعمال منفی اثرات مرتب کرتا ہے ، والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت پر بھرپور توجہ دیں تاکہ انہیں اپنی محنت کا صلہ مل سکے ، دریں اثناء مسلم ہینڈز کے ایریا منیجر سردار افتخار انقلابی نے مسلم ہینڈز کے جاریہ منصوبہ جات کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ہینڈز نے یتیموں، بیوائوں کی کفالت کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کر رکھی ہے جس کا تسلسل کامیابی سے جاری ہے ، ہماری کوشش ہے کہ مستحق اور غریب طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بلا تخصیص معاونت کی جائے ، اس کیلئے ہمارے ڈونرز نے ہمیشہ فراخ دلی کا مظاہرہ کیا جس پر ہماری پوری کمیونٹی ان کی شکر گزار ہے ۔
0