میرپور (پرل نیوز)آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی نے کہاہے کہ حکومت آزاد خطہ میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور لوگوں کو ہر قسم کے علاج معالجہ کی سروسزاورسہولیات فراہم کرئے۔حکومت آزاد کشمیرہر سال کارڈیک سرجری اور انجیو پلاسٹی کے لیے پاکستان کے ہسپتالوں کو سالانہ ایک ارب روپے سے زائد ادائیگی کررہی ہے۔کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سنٹرکو کارڈیک سرجری،صحت سہولت کارڈاوردیگر ایکویپمنٹ کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ یہاں دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو سرجری کی سہولت میسر آ سکے۔ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کی لیب کو بہتر بنایا جائے اور لیب کے ٹیسٹوں کا معیارپرائیویٹ لیب سے بہتر ہونا چاہیے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تعاون سے ہسپتال میں کڈنی ڈائیلائسز سنٹر میںبہترعلاج معالجہ کے نفرالوجی ڈاکٹر کی تقرری کنٹریکٹ بنیادوں پر کی جائے۔شعبہ صحت سے وابستہ ہر فرد اپنے فرائض منصبی خدمت خلق کے جذبہ کے تحت ادا کرکے دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور کے دورہ اور ہسپتال کے گائنی او پی ڈی بلا ک کے افتتاح کے بعد ہسپتال کے معائنہ اور ہسپتال کے متعلق بریفنگ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ایم ایس ڈاکٹر عامر عزیز نے انہیں ہسپتال کے جملہ شعبہ جات، نئی و پرانی بلڈنگ،ہسپتال میں علاج معالجہ کے حوالے سے دی جانے والی جملہ سہولیات و مراعات اور سروسز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اورکشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کاڈیک سرجن،سٹی انجیو گرافی،صحت سہولت کارڈ سمیت ہسپتال کے متعلق جملہ مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر پرنسپل محترمہ بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر،ڈی ایچ او ڈاکٹر فدا حسین راجہ، پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر فاروق احمد نور،پروفیسر ڈاکٹر طارق مسعود،پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد راجہ،پی ایم اے کے صدر راجہ اعجاز احمد خان،ایم ایس نیو سٹی ڈاکٹرمحبوب کشمیری ،ڈی ایم ایس ڈاکٹر ارم بتول،پروفیسر ڈاکٹر وسیم احمد اور دیگر سینئر ڈاکٹرز صاحبان بھی موجود تھے۔وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی نے کہاکہ طب کا شعبہ خدمت خلق کا شعبہ ہے اس شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کا تعلق براہ راست انسانی جانوں اور لوگوں کی صحت سے متعلق ہے ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کے علاج معالجہ کے ساتھ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کا رویہ مثالی ہونا چاہیے تاکہ مریضوں کی آدھی تکلیف کم ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے جملہ اداروں اور ملازمین کی حاضری سمیت ڈسپلن کی پابندی کے لئے ہدایات دے رکھی ہیں تاہم محکمہ صحت کے شعبہ سے وابستہ ڈاکٹرز،نرسنگ اور پیرامیڈیکل سٹاف فرائض میں سستی اور کوتاہی نہ برتیں اور نہ ہی اس میں حکومت کی طرف سے کوئی رعایت دی جائے گی۔قبل ازیں وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی نے گائنی او پی ڈی بلاک کا افتتاح کیا اورہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔
0