غزہ(صباح نیوز)جنگ بندی کامعاہدہ طے پانے کے باوجود صیہونی فورسزکی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے ، جبالیہ میں شدید بمباری سے ایک ہی خاندان کے 52افراد جبکہ خان یونس میں بھی 10افرادشہید ہوگئے۔غزہ میں صیہونی مظالم سے شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار کے قریب ہے ، شہدا میں6 ہزار سے زائد بچے اور 3600 خواتین شامل ہیں جبکہ 33ہزارسے زائد زخمی ہوئے ہیں ۔7اکتوبر سے اب تک صیہونی فوج کے حملوں میں غزہ کا پورا انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے اور ہسپتال اور تعلیمی ادارے بھی کھنڈر بن چکے ہیں ۔ غزہ کے ہسپتالوں پر وحشیانہ بمباری کرنے والی اسرائیلی فورسز نے الشفا ہسپتال کے ڈائرکٹر کو گرفتار کرلیا۔ عرب میڈیا کے مطابق الشفا ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے الشفا ہسپتال کے ڈائرکٹرمحمد ابو سالمیہ کو گرفتار کرلیا۔ اسرائیلی فورسز الشفا ہسپتال پر بمباری بھی کرچکی ہیں اور گزشتہ دنوں ہسپتال پر ٹینکوں سمیت دھاوا بول کر ہسپتال میں موجود افراد کو بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔
0