0

غیرقانونی تارکین وطن ملکی سلامتی، معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، آرمی چیف

پشاور(پرل نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں،غیر قانونی مقیم افراد کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے، غیر قانونی غیر ملکیوں کو باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے،کامیابی پاکستان کا مقدر ہے،پاک فوج خون کے آخری قطرے تک مادر وطن کی حفاظت کرے گی،سیکورٹی فورسز کو کے پی کے غیور عوام کی پرعزم حمایت حاصل ہے،دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں سپہ سالا کوغیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی، سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی واقتصادی ترقی کی پیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی، آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کی بے مثال کارکردگی کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دورہ پشاور کے دوران آرمی چیف نے قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا(NWKP-1) کے شرکا ء سے بھی خصوصی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ کامیابی پاکستان کا مقدر ہے، پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو خیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پر عزم حمایت حاصل ہے، دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے، آرمی چیف نے نئے ضم شدہ اضلاع میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کو باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں