لاہور(پرل نیوز) پاکستان مسلم لیگ( ن )کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ ظلم ہوا ہے، انتقام نہیں چاہتا لیکن حساب لینا تو بنتا ہے، جعلی مقدمات کا کھوکھلا پن سب کو معلوم ہو گیا، 8 فروری کو عوام پر مشتمل سب سے بڑی جے آئی ٹی بنے گی ۔مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کے آٹھویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ سالوں بعد پارٹی عہدیداران سے گفتگو کر کے خوشی ہو رہی ہے، جعلی مقدمات سے بریت پر اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں، یہ مقدمات ہماری حکومت ختم کرنے کے لئے بنائے گئے تھے، لیکن پارلیمانی رہنمائوں اور کارکنوں کو میری بے گناہی کا یقین تھا۔نواز شریف نے کہا کہ جعلی مقدمات کا کھوکھلا پن سب کو معلوم ہو گیا، میرے خلاف تینوں مقدمات میں کوئی جان ہی نہیں تھی، جب پاناما میں کچھ نہیں ملا تو اقامہ نکال لیا اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر منتخب وزیراعظم کو نااہل قرار دیا گیا، ایسا فیصلہ سنایا گیا جو دنیا میں مذاق بن گیا، جس طرح کے الفاظ فیصلے میں استعمال کئے گئے کیا ایسے ریمارکس آتے ہیں؟۔قائد (ن) لیگ نے کہا کہ مجھے جب سزا سنائی گئی تو اہلیہ کو آئی سی یو میں چھوڑ کر پاکستان آیا تھا، جو دکھ ہمیں دیئے گئے کیا ان کا کوئی مداواہے، میری غیرموجودگی میں نیب کورٹ نے فیصلہ سنا دیا، یہ وہ زخم ہیں جو کبھی بھریں گے نہیں، مجھے اور میرے خاندان کو سزا اصل میں 25 کروڑعوام کو سزا ہے، میں کسی انتقامی جذبے سے واپس نہیں آیا لیکن حساب تو بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف کیس میں سپریم کورٹ کے ایک جج کو مانیٹرنگ جج لگایا گیا، ایک جج نے ریمارکس دیئے کہ نوازشریف کو پتہ ہونا چاہیے اڈیالہ جیل میں بہت جگہ ہے۔نوازشریف نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کے خلاف سازش نہیں کی، جنرل باجوہ اورجنرل راحیل کے خلاف کوئی سازش نہیں کی، میں نے کسی کا کیا بگاڑا تھا، میں ذاتی طور پر کسی کو معاف نہیں کر سکتا، 8 فروری کو عوام پر مشتمل سب سے بڑی جے آئی ٹی بنے گی۔
0