راولاکوٹ(پرل نیوز) جامعہ پونچھ راولاکوٹ کی ایڈمنسٹریشن سٹاف ایسو سی ایشن نے مطالبات تسلیم کئے جانے پر ہڑتال ختم کر دی۔ہڑتال کے اختتام پر دفاتر میں معمول کا کام اور سرگرمیا ں بحال ہو گئیں ۔ڈائریکٹر فنانس محمد شمیم خان نے مطالبات کے تسلیم کئے جانے کا اعلان جبکہ صدر ایڈمنسٹریشن سٹاف ایسوسی ایشن محمد خلیق خان نے ہڑتال ختم کئے جانے کا باضابطہ اعلان کیا ۔اس موقع پر انھوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد ذکریا ذاکر (پرائیڈ آف پرفارمنس) سمیت رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عبدالرئوف خان اور دیگر انتظامی افسران کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ۔محمد خلیق خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ پونچھ ہمیں اپنے گھر سے بڑھ کر عزیز ہے ۔وائس چانسلر کی سربراہی ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے ۔وائس چانسلر نے ملازمین کو کبھی بھی مایوس نہیں کیا ۔ ہمیشہ کی طرح انھوں نے ملازمین کے مطالبات بھی انتہائی فراخدلی اور کھلے دل کیساتھ تسلیم کئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اداوروں میں ملازمین کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہو جاتی ہیں لیکن وائس چانسلر نے ہمیشہ ایسے مسائل کو انتہائی فہم و فراست کیساتھ حل کیا ۔انھوں نے کہا کہ انتظامی ملازمین بھی جامعہ کی مشکلات سے اچھی طرح واقف ہیں ۔لیکن مہنگائی کے طوفان میں ملازمین کے مشکلات میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گیا تھا ۔انھوں نے ملازمین پر زور دیا کہ جو کام التواء کا شکار ہو گئے ہیں ان کو اضافی وقت دیکر جلدی مکمل کیا جائے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر فنانس محمد شمیم خان نے کہا کہ وائس چانسلر نے کبھی بھی ملازمین کو مایوس نہیں کیا ۔صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر ماجد محمود نے خطاب کرتے ہو ئے ایڈمنسٹریشن سٹاف ایسو سی ایشن کو کامیاب جدوجہد پر مبارکباد پیش کی ۔انھوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں اور سب ملکر اس جامعہ کو اور اوپر لے جائیں گے ۔اس موقع پر اسسٹنٹ رجسٹرار لیگل عمران رزاق،جنرل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن سٹاف رضوان عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
0