0

غازی ملت پریس کلب کے انتخابات مکمل عابد صدیق صدر، عامر جاوید جنرل سیکرٹری منتخب

راولاکوٹ (پرل نیوز) غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ (رجسٹرڈ) کے انتخابات برائے سال 2024 کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا۔ 25 دسمبر 2024 کو آزادکشمیر بھر کی طرح راولاکوٹ میں بھی غازی ملت پریس کلب کے الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔ ان انتخابات میں عابد صدیق صدر، عامر جاوید جنرل سیکرٹری، عمر خیام سینئر نائب صدر، ظفر نذیر نائب صدر، خرم ذوالفقار ڈپٹی جنرل سیکرٹری، تسنیم اختر سیکرٹری مالیات اور عبدالوہاب کو سیکرٹری اطلاعات منتخب کیا گیا ہے۔ تمام عہدیداران اتفاق رائے سے بلامقابلہ منتخب کئے گئے ہیں جب کہ گزشتہ روز منعقدہ تقریب میں الیکشن کمشنر برائے انتخابات غازی ملت پریس کلب دانیال احمد ضلعی آفسیر اطلاعات پونچھ نے عہدیداران کی کامیابی کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔ تقریب میں سابق صدر غازی ملت پریس کلب سردار راشد نذیر نے تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ نومنتخب باڈی اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقہ سے نبھاتے ہوئے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔ نومنتخب صدر عابد صدیق، سیکرٹری جنرل عامر جاوید نے خطاب کے دوران باہمی اتحاد و اتفاق سے ان پر اعتماد کرنے والے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ہم پریس کلب کی بہتری اور صحافیوں کے جملہ مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن جدوجہد کے ساتھ تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں