0

وزیر صحت ،ایپکا نمائندگان کی ملاقات، پونچھ میڈیکل کالج میں احتجاج دو دن کیلئے موخر

راولاکوٹ(پرل نیوز) آزاد کشمیر کے میڈیکل کالجز کا احتجاج دو دن کے لیے مؤخر کر دیا گیا۔ وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی کی ایپکا یونٹ مظفرآباد میڈیکل کالج کے صدر سے ملاقات ہوئی۔جس میں صدر ایپکا یونٹ مظفرآباد نے جناب وزیر صحت عامہ کو میڈیکل کالجز کے ملازمین کے مطالبات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔ملاقات میں جناب وزیر صحت عامہ کی جانب سے جملہ ملازمین کے مطالبات کو جائز تسلیم کرتے ہوئے دو دن کے اندر حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور دو دن کا وقت لیا گیا تا کہ معاملات یکسو ہو سکیں۔جناب وزیر صحت عامہ نے بذریعہ صدر ایپکا یونٹ میڈیکل کالج مظفرآباد راولاکوٹ میڈیکل کالج ایپکا یونٹ کو بھی یہی پیغام پہنچایا جس باعث ایپکا یونٹ پونچھ میڈیکل کالج نے ایپکا یونٹ مظفرآباد کی تائید میں اور وزیر صحت عامہ کی یقین دہانی کے باعث دو دن کے لیے احتجاج مؤخر کر دیا۔ ایپکا یونٹ مظفرآباد و پونچھ نے مشترکہ طور پر مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاج مسلسل جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ ملازمین کے مطالبات میں 30/35 فیصد حکومتی منظور شدہ اضافہ شامل کرتے ہوئے تنخواہوں کی ادائیگی، کنٹریکٹ دورانیہ میں کم از کم مالی سال کے اختتام تک توسیع، اور کنٹریکٹ کے عرصہ (دسمبر یا جون تک جو بھی پہلے واقع ہو) کے دوران مستقلی کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے انہیں مستقل کرنے کی یقین دہانی کروایا جانا شامل ہیں۔ ملازمین یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاست کے اہم ترین اداروں کے ملازمین کے ساتھ ریاست کے دیگر ملازمین جیسا رویہ رکھا جائے۔ اور جس طرح دیگر ملازمین کے لئے مراعات ہیں ان کے لیے بھی مساویانہ طور پر وہی مراعات ہونی چاہیئں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں