0

مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ رہے گا ،انوار الحق

اسلام آباد(پرل ویب)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اورنگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے الگ الگ ملاقات کی ہے ۔نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے وزیراعظم پاکستان کو آزاد جموں و کشمیر کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے آزاد کشمیر میں توانائی، آبی ذخائر، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کے دیرینہ مسائل کے حل پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے اس موقع پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، اقوام متحدہ کے سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ رہے گا، ملاقات میں چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر داد محمد باریچ بھی موجود تھے۔ ادھر نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی جموں کشمیر ہاس اسلام آباد میں ملاقات کی . اس موقع پر چیف سیکرٹری داد محمد بڑیچ بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال سمیت ،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور آزادکشمیر کی تعمیرو ترقی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ قلبی تعلق ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے الحاق پاکستان کے مشن کی تکمیل کیلیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور قربانیوں کا یہ سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے حریت لیڈر پابند سلاسل ہیں اور کشمیریوں کے سیاسی اور مذہبی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر آزادکشمیر میں مکمل عملدرآمد ہو رہا ہے اس حوالے سے میری تمام اداروں کو واضح ہدایت ہے کہ ان معاملات پر زیرو ٹالرنس ہے ۔نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کیلیے تمام تر امداد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں