مظفرآباد (پرل نیوز) ترجمان آزادکشمیر حکومت و وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہا ہے کہ عارضی ؍کنٹریکٹ ملازمین خاطر جمع رکھیں۔ عارضی / کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیعی اور تنخواہوں کی ادائیگی کے امور جلد یکسو کئے جائیں گے۔ ترجمان آزادکشمیر حکومت و وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے عارضی / کنٹریکٹ ملازمین کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج اور مظاہروں کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت ریاستی امور کے ساتھ ساتھ عارضی / کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت اور تنخوائوں کی ادائیگی کے ساتھ دیگر امور جلد حل کر لے گی۔ انھوں نے کہا کہ اتحادی حکومت عوام کو باوقار روزگار فراہمی کے لیے سنجیدہ ہے ملازمین کے جملہ مسائل جلد حل کر لیے جائیں گے۔ ترجمان آزادکشمیر حکومت عبدالماجد خان نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں وزیراعظم کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات کو کابینہ نے منظوری دے دی تھی تاہم معاملہ قانون سازی کے لیے محکمہ سروسز میں زیر کار ہے جس کو خاطر میں لاتے ہوئے قانون سازی جلد عمل میں لائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم چوہدری انوارالحق خود بھی اس معاملہ کو دیکھ رہے ہیں۔ ملازمین یقین رکھیں کہ انشاء اللہ ان کے جملہ امور جلد یکسو کر لیے جائیں گے۔
0