اسلام آباد(پرل نیوز) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے بیرون ملک آباد کشمیری بالخصوص امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر ا ُجاگر اورزندہ رکھا ہے اور میں امریکہ میں مقیم کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے لئے کی جانے والی کاوشوں پر مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں کہ امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے امریکہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو جاندار انداز میں اُٹھایااور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریشہ دوانیوںکو بے نقاب کیاہے۔ امریکہ میں مقیم کشمیری ہر سال ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے کرتے ہیں اور اقوام عالم کی توجہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی طرف دلاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آبادمیں چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (امریکہ) محترمہ غزالہ حبیب کی قیادت میں ایک وفد سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔اس موقع پر وفد میں چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (امریکہ) محترمہ غزالہ حبیب کے علاوہ حریت رہنماء عبدالحمید لون،عبدالحفیظ خان اور طارق احمد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتا انشا ء اللہ مقبوضہ کشمیر جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہو گا۔ اس موقع پر چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (امریکہ) محترمہ غزالہ حبیب نے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی سیاسی و سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (امریکہ) اور امریکہ میں مقیم کشمیری ہر فورم پرمسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور دنیا کے سامنے بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف ان مکروہ عزائم کا پردہ چاک کریں گے ۔ اس موقع پر چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (امریکہ) محترمہ غزالہ حبیب نے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو امریکہ کے دورے کی بھی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد امریکہ کا دورہ کر کے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بین الاقوامی رائے عامہ کی حمایت حاصل کریں گے۔
0