آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ اسلام نے خواتین کو بڑا مقام دیا ہے ،سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے خواتین کے حقوق بیان فرمائے اور انہیں ہر شعبہ زندگی میں نمائندگی دی حتیٰ کہ جائیداد تک میں انہیں بھرپور حصہ دیا گیا،کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں خواتین کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، پاکستانی و کشمیری خواتین بھی گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ معاشی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہیں اور ہر شعبہ زندگی میں اپنا لوہا منوا کر دوسری خواتین کیلئے بھی راہیں ہموار کررہی ہیں ، تحریک آزادی کشمیر میں دلیرانہ کردار ادا کرنے والی خواتین کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ،خاتون جنت حضرت فاطمہ الزہرہ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے وزیراعظم آزادکشمیر نے ان خیالات کا اظہار خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا ۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت خواتین کی ترقی اور بہبود پر خاص توجہ دے رہی ہے، آزاد کشمیر میں خواتین کو اپنے ہر پروفیش میں کام کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، خواتین کے خلاف ہراسمنٹ کے کیسز میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے ، مختلف ووکیشنل تربیت کے اداروں میں خواتین کو فنی تربیت مہیا کی جا رہی ہے تاکہ وہ معاشرے کی کارآمد شہری بنیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ بلاسود قرضوں کے سرکاری پروگرام میں بھی خواتین کو مردوں کے برابر حقوق حاصل ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے زیر قبضہ کشمیر کی خواتین کو منظم اور وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے جن میں ہندوستانی فوج، پولیس، سکیورٹی ایجنسیوں اور ہندوستانی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کی طرف سے جنسی زیادتی، عصمت دری، گمشدگی، تشدد، اغوا، قتل اور تذلیل جیسے واقعات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2001 سے اب تک 682 سے زائد خواتین کو فاشسٹ بھارتی فورسز نے شہید کیا ، اس کے علاوہ 22,958 خواتین کو بیوہ اور 11,256 خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی ہے مگر کشمیری خواتین نے بھارتی فوج کے تمام ظلم و جبر کو بہادری سے مقابلہ کیا ہے، کشمیر کی بہادر بیٹی آسیہ اندرابی آج بھی جیل میں بند ہے اور وہ رہتی دنیا تک دنیا میں آزادی کی تحریکوں میں ایک استعارے کے طور پر ذندہ رہیں گی ۔انہوں نے کہا کہ اسیر حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ محترمہ مشعال ملک ہر فورم پر کشمیری خواتین کا مقدمہ لڑ رہی ہیں اور دلیری سے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کر رہی ہیں ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے تحریک آزادی کشمیر میں اپنے جواں سال بیٹوں ،بھائیوں اور شوہروں کو قربان کرنے والی بہادر کشمیری خواتین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی نمائندگی، مساوی حقوق اور انصاف کی جانب ایک ضروری قدم ہے ،یہ صنفی مساوات ، تولیدی حقوق اور خواتین کے خلاف تشدد اور بدسلوکی جیسے مسائل پر توجہ دلاتا ہے ۔
