چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر سے ترکیہ کے سفیر کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات 0

چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر سے ترکیہ کے سفیر کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات

چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر سے ترکیہ کے سفیر کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر اتفاق۔
اسلام آباد، 19 مارچ 2025:پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین، رانا محمد قاسم نون سے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ترکیہ کے سفیر نذیر اوعلو نے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ممبران کشمیر کمیٹی فتح اللہ خان، محترمہ شرمیلا فاروقی، مرزہ اختیار، سنجے پروانی بھی موجود تھے۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب کی مانند ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مشترکہ مذہب، ثقافت، تاریخ اور بھائی چارے کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کو امت مسلمہ کا بہترین رہنما قرار دیا اور کہا کہ مسلم دنیا کے نوجوان ان کی قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی نے مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں اور عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
رانا محمد قاسم نون نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے، محض پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ نہیں۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ سمیت دوست ممالک پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو مزید مؤثر انداز میں اٹھائیں اور بھارتی پروپیگنڈا اور غلط معلومات کو بے نقاب کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں۔انہوں نے حالیہ رمضان المبارک کے دوران غزہ پر اسرائیلی فورسز کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
ترکیہ کے سفیر نذیر اوعلو نے چیئرمین کشمیر کمیٹی اور اراکین کشمیر کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کو اپنا گھر تصور کرتا ہے اور ہمیشہ ہر عالمی و علاقائی فورم پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ مسئلہ کشمیر کو اپنا ذاتی مسئلہ سمجھتا ہے اور اس معاملے پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ترکیہ کے سفیر نے مزید کہا کہ ان کا ملک تعلیم، ثقافت، دفاع اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ترکیہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ترکیہ سکولز کے ذریعے طلباء و طالبات کو جدید تعلیم فراہم کر رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو بہترین تعلیمی مواقع میسر آسکیں۔کشمیر کمیٹی کے اراکین نے ترکیہ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
میٹنگ میں موجود کشمیر کمیٹی کے اراکین نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر ترکیہ کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کی تعریف کی۔انہوں نے ترکیہ کے سفیر کے اس عزم کو بھی سراہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی و علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مسلم اُمہ کو مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں