یوم پاکستان کے موقع پر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے زیر اہتمام یاد گار شہداء کے مقام پر پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے قومی پرچم کشائی کی۔ پرچم کشائی تقریب میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے عہدیداران سمیت سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر کے طول وعرض میں یوم پاکستان کو انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ آج سے 85 برس قبل 23 مارچ 1940 کو مسلمانان برصغیر نے دو قومی نظریے کی بنیاد پر اپنے لئے الگ مملکت کے قیام کے حق میں متفقہ قراداد منظور کی گئی جس نے تحریک کو جنم لیا اور قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مملکت خداد داد پاکستان حاصل کیا گیا۔ قیام پاکستان میں ہمارے کشمیری اکابرین نے بھی قربانیاں پیش کی ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں ہندوستان سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک تحریک تکمیل پاکستان نا مکمل ہے۔ قیام پاکستان سے آج تک مغربی طاقتیں ملکی سلامتی کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔ ہندوستان ہٹ دھرمی کی طنیاد پر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے سے گریزاں ہے اور پاکستان کی سلامتی کا ازلی دشمن ہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ معاشی اور عسکری طور پر مضبوط پاکستان ہی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ جس مقصد کیلئے پاکستان بنا تھا اس کو پورا کرنے کیلئے دن رات کام کریں گے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ آخر میں ملکی سلامتی، مقبوضہ کشمیر ، فلسطین کی آزادی اور شہداء کشمیر کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
